وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کے ٹرمپ ہیں عمران خان

جس اسمبلی میں عوامی حقوق کی آوازبلند نہ ہواسے بند کر دینا چاہیے، انٹرویو


News Agencies February 02, 2017
نواز شریف کو حساب دینا ہو گا، بڑھک گینگ منہ کی کھائے گا، فواد چوہدری فوٹو: فائل

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کوپاکستان کا ٹرمپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ بھی بزنس کرتے ہیں اور نواز شریف کی طرح اپنے رشتے داروں کو لائے ہیں، وزیر اعظم سے میری ذاتی دشمنی نہیں، نواز شریف کو3 نسلوں کا حساب دینے کی ضرورت نہیں وہ اپنا حساب دے دیں، جس اسمبلی میں عوام کے حقوق کیلئے آوازبلند نہ ہوسکے اسے بند کردینا چاہیے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا 7ممالک پر پابندی کا فیصلہ احمقانہ اور قابل مذمت ہے، امریکی ویزے کی پابندیوں کی بات دل کی آواز تھی جس کا مطلب یہ تھاہم پابندیوں اور قرضہ نہ ملنے کے خوف سے نکل کر کام کریں تو ملک ترقی کرے گا۔ ٹرمپ کے اقدامات پر ایران کے علاوہ باقی مسلم ممالک میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔


چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف نے ٹرمپ کے اقدامات پر کوئی بیان نہیں دیا، پارلیمنٹ کا کام ملک کے سربراہ سے جواب طلب کرنا ہے، ہم وزیراعظم سے جواب لینے کی کوشش کررہے ہیں، اگروزیراعظم جواب نہیں دیتا یا جھوٹ بولتا ہے تو اسمبلی کا کیا فائدہ؟۔ جس وزیراعظم کیخلاف کرپشن کا مقدمہ ہے وہی فیصلہ کررہا ہے کس قانون کے تحت احتساب ہونا چاہئے، ایک کرپٹ دوسرے کرپٹ کو کیسے پکڑسکتا ہے۔


عمران خان نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بہتری اصلاحات میں ہے، اگرآرٹیکل 62اور 63 پر میں پورا نہیں اترتا اور پارلیمنٹ نہیں آتا تواس پارلیمنٹ کا فائدہ ہے؟ اگر قومی اسمبلی میں ملکی مسائل پر بحث ہوتی توفوری وہاں جاتا۔ عمران خان نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس شیخ عظمت سعید کی صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ادھر ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف کو ہر صورت حساب دینا ہوگا، (ن) لیگ کے بڑھکیں مارنے والے گینگ کومنہ کی کھانا پڑیگی، وزراء شاید جانتے نہیں کہ سپریم کورٹ کے ججز کے دانت بھی لوہے کے ہیں۔ ہمیں جسٹس عظمت سعید پر مکمل اعتماد ہے، اگر پیسے حلال کے ہیں تو بتانے میں کوئی شرم نہیں ہونی چاہئے۔

مقبول خبریں