کفایتی پالیسی کے تحت وزارتوں ڈویژنوں اور اداروں کو ہدایات

فرنیچر، مشینری، آلات اور گاڑیاں خریدنے پر پابندی، ناگزیر کے سوا سرکاری لنچ و ڈنر بھی بند


Khususi Reporter August 01, 2012
فرنیچر، مشینری، آلات اور گاڑیاں خریدنے پر پابندی، ناگزیر کے سوا سرکاری لنچ و ڈنر بھی بند

وفاقی حکومت نے مالی کفایت شعاری پالیسی کے تحت رواں مالی سال کے دوران تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سمیت ماتحت اداروں پر نیا فرنیچر، مشینری، آلات و دیگر کسی بھی قسم کے فزیکل اثاثہ جات اور گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

''ایکسپریس'' کو وزارت خزانہ سے دستیاب دستاویز کے مطابق کابینہ نے حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت رواں مالی سال کیلیے کفایت شعاری کے اقدامات منظور کیے ہیں جن کے تحت رواں مالی سال کے تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سمیت ماتحت اداروں پر نیا فرنیچر، مشینری، آلات و دیگر کسی بھی قسم کے فزیکل اثاثہ جات اور گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ترقیاتی فنڈز سے بھی کسی ترقیاتی منصوبے کیلیے کوئی نئی گاڑی نہیں خریدی جائیگی، ٹریولنگ الائونس،گاڑیوں کے مرمتی، پٹرول و سی این جی کے اخراجات میں بھی 20 فیصد کٹوتی کردی گئی ہے، تمام وزارتوں اور ڈویژن و ماتحت اداروں میں مجاذ افسران کو صرف ایک قومی اخبار حاصل کرنے کی اجازت ہوگی ، افسران کے دفاتر میں دن 11 بجے سے پہلے ایئر کنڈیشنر کے استعمال پر پابندی ہوگی، 11بجے کے بعداے سی 26 ڈگری پرچلے گا۔

تمام وزارتوں اور ڈویژنوں سمیت انکے ماتحت اداروں سے ٹریولنگ الائونس، اسٹیشنری، ایڈورٹائزمنٹ، ریپئرنگ اینڈ مینٹینینس اور یوٹیلٹی بلوں کو بھی کم سے کم رکھا جائیگا، وزارتوں و ڈویژنوں کے پرنسپل اکائونٹنگ افسران کی ذمے داری ہوگی کہ وہ ان بلوں کو ریشنلائز بنائیں اور غیر ضروری استعمال کو رو ک کر یوٹیلٹی بلوں سمیت دیگر اخراجات کو کنٹرول میں رکھیں۔

دستاویز کے مطابق کفایت شعاری پالیسی کے تحت سرکاری خرچ پر کھانے کم کیے جائیںگے،صرف انتہائی ضروری اور ناگزیر صورت میں سرکاری لنچ اور ڈنر دیے جائیں گے، وزارتوں اور ڈویژنوں اور ماتحت اداروں کو ٹریولنگ الائونس، یوٹیلٹی بلز، گاڑیوں کی مرمت، پٹرول اور سی این جی و دیگر اخراجات کو دوبارہ مختص کرنے کا اختیار نہیں ہوگا۔

مقبول خبریں