ڈائیونگ چینی بادشاہت قائم چوتھے گولڈ میڈل پر قبضہ

روڈ ریس میں وگنز نے میزبان کو دوسرا طلائی تمغہ جتوایا،امریکی کرسٹین ویمنزسائیکل میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کے بعد ریٹائر


AFP August 02, 2012
روڈ ریس میں وگنز نے میزبان کو دوسرا طلائی تمغہ جتوایا،امریکی کرسٹین ویمنزسائیکل میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کے بعد ریٹائر، فوٹو اے ایف پی

لندن گیمز کے ڈائیونگ ایونٹ میں چینی بادشاہت بدستور قائم ہے،ڈائیورز نے مسلسل چوتھا سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔ ویمنز ٹیبل ٹینس سنگلز میں چین کی لی زوزیا نے اپنی ہموطن کو مات دے کر میدان مارا، ویمنز روئنگ جوڑی کلوویر اور اسٹیننگ نے برطانیہ کی اپنی سرزمین پر گولڈ کیلیے تڑپ ختم کی، مینز روڈ ریس ٹائم ٹرائلز میں ٹور ڈی فرانس چیمپئن بریڈلی وگنز نے میزبان ملک کو دوسرا طلائی تمغہ جتوایا۔ امریکا کی کرسٹین آرم اسٹرانگ ویمنز ٹائم ٹرائلز سائیکل ریس میں ٹائٹل کا دفاع کے بعد کھیل سے ریٹائرہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈائیونگ میں چن کائی اور لیو یٹونگ کی مینز 3 میٹر اسپرنگ بورڈ میں فتح سے ایونٹ میں چین کے گولڈ میڈلز کی تعداد 4 ہوگئی، روس کے الیا زاخروف ایوجینی نے سلور میڈل جیتا، امریکی جوڑی کرسٹین اپسین اور ٹروئے ڈومیس کی کاوش برانز میڈل پر اختتام پزیر ہوئی۔ ٹیبل ٹینس ویمنز سنگلز میں لی زوزیا نے اپنی ہم وطن ڈنگ نینگ کو شکست دے کر چینی گولڈ میڈلز میں اضافہ کیا، سنگاپور کی فینگ تائیوی نے برانز میڈل جیتا۔ ویمنز روئنگ پیئر میں ہیلن کلوویر اور ہیتھر اسٹیننگ نے میزبان برطانیہ کی اپنی سرزمین پر پہلے اولمپک گولڈ میڈل کی تڑپ ختم کی۔

یہ ویمنز کریو کی جانب سے حاصل کیا گیا برطانیہ کا پہلا سونے کا تمغہ ہے، 27 سالہ اسٹیننگ فوج سے تعلق رکھتی اور آئندہ برس ان کی افغانستان میں تقرری کا بھی امکان ہے، اس ایونٹ میں آسٹریلوی ٹیم نے سلور اور ورلڈ چیمپئن نیوزی لینڈ نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔ جرمنی نے مینز8 روئنگ ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا، بیجنگ اولمپک کے فاتح کینیڈا کی ٹیم کے حصے میں سلور میڈل آیا، برانز میڈل میزبان برطانیہ کی ٹیم نے جیتا۔ خواتین کی کشتی رانی کے مقابلے 'کواڈروپل اسکلز' میں سونے کا تمغہ یوکرین کے نام رہا۔

ورلڈ چیمپئن جرمنی نے سلور اور امریکا نے برانز میڈل حاصل کیا۔ امریکا کی کرسٹین آرم اسٹرانگ نے ویمنز ٹائم ٹرائلز سائیکل ریس میں ٹائٹل کا دفاع کے بعد کھیل سے ریٹائرمنٹ لے لی، انھوں نے بیجنگ میں بھی گولڈ میڈل حاصل کیا تھا تاہم بچے کی پیدائش کی وجہ سے تقریباً دوبرس بعد کھیل میں واپس آئی ہیں، جرمنی کی جوڈتھ نے سلور اور روس کی اولگا نے برانز میڈل جیتا۔ مینز روڈ ریس ٹائم ٹرائلز میں ٹور ڈی فرانس چیمپئن بریڈلی وگنز نے اپنے کیریئر کے چوتھے اولمپک طلائی تمغے پر قبضہ کیا۔

یہ برطانیہ کا لندن گیمز میں دوسرا گولڈ تھا۔ جرمنی کے موجودہ ورلڈ چیمپئن ٹونی مارٹن کے حصے میں سلور میڈل آیا،برطانیہ کے ہی کرس فروم کو برانز میڈل ملا۔ کیاک ایونٹ میں اٹلی کے ڈینیئل مولمنٹی نے گولڈ میڈل پہنا، جمہوریہ چیک کے واورنیس سلور اور جرمنی کے ہینس کانسی کا تمغہ جیت پائے۔ جنوبی کوریا کی19 سالہ کم جانگ می نے ویمنز 25 میٹر میں سونے کے تمغے پر قبضہ کرلیا، چین کی دفاعی چیمپئن چین ینگ سلور اور یوکرین کی اولینا نے برانز میڈل حاصل کیا۔

ویمنز 70کلوگرام جوڈو میں فرانس کی 30 سالہ لوشیا ڈیکوزے نے جرمنی کی کیرسٹن کو چت کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، وہ تین مرتبہ کی ورلڈ اور 4 مرتبہ کی یورپیئن چیمپئن ہیں، کولمبیا کی یوری الویر اور نیدرلینڈ کی ایڈتھ بوش نے برانز میڈل جیتے۔ مینز 90 کے جی جوڈو میں جنوبی کوریا کہ سانگ ڈائی نام نے گولڈ، کیوبا کے ایسلے گونزالز نے سلور جبکہ جرمنی الیس الائیڈس اور جاپان کے ماساشی نشیاما نے برانز میڈل اپنے نام کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں