’’ڈیئر مایا‘‘ نے بہت شہرت دی، بھارت میں کام کرنے کا تجربہ شاندار رہا، مدیحہ امام

شوبز رپورٹر  منگل 11 جولائی 2017
 پاکستانی فلمیں بھی عالمی سطح پرمقام بنانے کی کوشش کررہی ہیں، اچھااور مضبوط اسکرپٹ ملا تو ضرور کام کرونگی۔ فوٹو : فائل

پاکستانی فلمیں بھی عالمی سطح پرمقام بنانے کی کوشش کررہی ہیں، اچھااور مضبوط اسکرپٹ ملا تو ضرور کام کرونگی۔ فوٹو : فائل

 کراچی: ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے مدیحہ امام نے کہا کہ میری بالی ووڈ فلم’’ڈئیر مایا‘‘ نے مزید شہرت دی ہے نہ صرف شائقین کی جانب سے بلکہ انڈسٹری سے بھی کافی پذیرائی موصول ہوئی۔

مدیحہ امام پاکستانی وڈیو جوکی اور اداکارہ ہیں، جنہوں نے ہدایتکارہ سنینہ بھٹناگرکی فلم ’’ڈیئر مایا‘‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا ہے، ان کے ڈیبیو کی خاص بات یہ ہے کہ انھوں نے فلم میں ماضی کی معروف اداکارہ منیشا کوائرالا کے ساتھ اسکرین شیئر کی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ اس فلم کے ذریعہ مجھے ایک نئی پہچان اور شناخت ملی ہے، میری پرفارمنس کو سراہا گیا ہے، اس بات کی خوشی ہے ساتھ میں فلم پاکستان میں ریلیز نہ ہونے کا افسوس بھی ہے لیکن فلم انٹرنیٹ پر موجود ہے، یہ فلم مجھے انٹرنیٹ کے ذریعہ ہی ملی تھی، اس فلم کے بعد مجھے انڈسٹری سے بھی انتہائی مثبت ریسپانس مل رہا ہے، یک دم کئی آفرز آگئی ہیں حتی کہ میرا ڈرامہ’’زخم‘‘ آن ائیر ہے لیکن مجھے اس فلم نے بہت نمایاں کیا ہے۔

مدیحہ نے بتایا کہ بھارت جا کر کام کرنے کا تجربہ بے حد خوشگوار رہا، بہت کچھ نیا سیکھنے کو ملا، کس طرح پرفارمنس، فریمنگ، مکالموں کی ادائیگی اور تکنیکی امور کے بارے میں زیادہ آگاہی ملی، یہ تجربہ اور سیکھ ہمیشہ ساتھ رہے گی اور مجھے بہتر سے بہتر کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

اداکارہ نے کہا کہ جب فلم میں کام کرنے کی آفر آئی تو بلکل سنجیدہ نہیں لیا تھا، پاکستانی فلمیں بھی عالمی سطح پر اب مقام بنانے کی کوشش کررہی ہیں، اچھی اور مضبوط اسکرپٹ ملی تو ضرور پاکستانی فلم میں بھی کام کرونگی، فی الوقت ڈرامہ میں کام کررہی ہوں، پاکستانی ڈراموں نے جس طرح دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا اسی طرح پاکستانی فلمیں بھی نام بنانے میں کامیاب ہونگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔