اصل ملزمان کوبھی جھوٹے شواہد پرسزانہیں ہوسکتی سپریم کورٹ

پولیس99 فیصدمقدمات میں اصل ملزم تک پہنچ جاتی ہے لیکن شواہدجمع کرنے میں غفلت کرتی ہے


Numainda Express August 17, 2017
صنعتی گیس پرسیس کے خلاف اپیلیں باقاعدہ سماعت کیلیے منظور،ڈاکٹرعاصم ای سی ایل کیس کل سننے کی درخواست دائر فوٹو : فائل

سپریم کورٹ نے قتل کے 4مختلف مقدمات نمٹاتے ہوئے ایک ملزم کو 8 سال بعد بری، 2ملزمان کی بریت کی درخواستیں خارج اور ایک ملزم کی سزائے موت کوعمرقید میں تبدیل کر دیا۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

عدالت کا کہنا تھاکہ پولیس99 فیصد مقدمات میں اصل ملزم تک پہنچ جاتی ہے لیکن شواہداکٹھے کرنے میں غفلت برتی جاتی ہے، جب شواہد نہیں ہوں گے تو فیصلہ کس بنیاد پر ہوگا ۔ جھوٹے شواہد اورگواہان پر اصل ملزمان کو بھی سزا نہیں ہو سکتی۔ آر اے بازار راولپنڈی میں قتل ہونے والے اختر جاویدکے مقدمے میں ملزم طاہر حسین کو بری کردیا گیا ۔اختر جاوید اوراس کی بیوی روبینہ کوثرکے درمیان تنازع پر خاتون کے بھائیوں طاہر حسین اورکامران جاوید نے اختر جاویدکو قتل کیا تھا، اس کیس میں روبینہ کوثرکو بھی شریک ملزم بنایا گیاتھا۔ جسٹس آصف سعیدکھوسہ نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت ان جھوٹے گواہان کو بغیر مقدمہ قیدکردے جو جھوٹی گواہی دے کرکسی کو قتل کے مقدمے میں سزا دلوانا چاہتے ہوں۔ فاضل جج نے کہاکہ بدقسمتی سے پنجاب میں روایت بن گئی ہے کہ بیوی کو قتل میں صرف اس لیے ملوث کر دیا جاتا ہے تاکہ وہ جائیداد میں حصہ دار نہ بن سکے۔

دوسرے مقدمے میں عدالت نے مجرم شاہد حسین کی بریت کیلیے دائر درخواست مستردکرتے ہوئے ہائیکورٹ کاعمر قید کا فیصلہ برقرار رکھا ۔ تیسرے مقدمے میں عدالت نے ضلع ٹھٹہ میں سیٹھ اقبال اکبرکو قتل کرنے والے ملزم محمد سلیم آرائیں کی سزائے موت کو عمرقید میں تبدیل کردیا۔ چوتھے مقدمے میں عدالت نے ملزم غریب نوازکی بریت کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔ سپریم کورٹ نے جام پور میں بیوی کوغیرت کے نام پر قتل کرنے والے ملزم حبیب اللہ کی بریت کا فیصلہ معطل کر دیا اورملزم کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں فل بینچ نے قدرتی گیس کے صنعتی استعمال پرگیس انفرااسٹرکچر اینڈ ڈیولپمنٹ سیس کے نفاذکے بارے میں پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیلیں باقاعدہ سماعت کیلیے منظورکرتے ہوئے وفاقی حکومت ، اٹارنی جنرل ودیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلیے دائر اپیل18 اگست کو سماعت مقررکرنے کیلیے درخواست دائرکر دی ہے۔

مقبول خبریں