بھارتی شاعر گلزارکی واپسی سے ادبی حلقوں میں تشویش

عمیر علی انجم  جمعرات 14 فروری 2013
 قلمکارکا سیاست سے تعلق نہیں ہوتا، مہیش بھٹ، ہرمہمان ہمارے لیے محترم ہے، افتخار عارف فوٹو : اے ایف پی

قلمکارکا سیاست سے تعلق نہیں ہوتا، مہیش بھٹ، ہرمہمان ہمارے لیے محترم ہے، افتخار عارف فوٹو : اے ایف پی

کراچی:  ممتاز بھارتی شاعر اور فلم ڈائریکٹر گلزار کو انڈین ہائی کمیشن نے لاھور سے اپنی حفاظتی تحویل میں لے کر بدھ کی دوپہر بھارت واپس بھیج دیا۔

گلزار کراچی لٹریچرفیسٹیول میں شرکت کے لیے پاکستان آئے تھے، پاکستان پہنچنے کے بعدوہ اپنے آبائی گاؤں دینا ضلع جہلم گئے بھارتی ہائی کمیشن نے وہاں سے واپس بلا کر انھیں بھارت روانہ کردیا۔ واضح رہے کہ بدھ کی شام انھیں کراچی پہنچنا تھا جس کے بعد انھیں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے لٹریچر فیسٹیول سمیت متعدد تقریبات میں شرکت کرنا تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت میں افضل گورو کو پھانسی دیے جانے پر رد عمل کے پیش نظر گلزار کو واپس بھجوایا گیاہے۔

 

بھارتی فلم ڈائریکٹرمہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی شاعر گلزار کا اچانک بھارت واپس آنا حیرت انگیز بات ہے ایک قلمکار کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ معروف شاعر امجد اسلام امجد نے کہا کہ گلزار کو بدھ کی دوپہر میرے گھر کھانے کی دعوت پر آنا تھا کہ اچانک ان کا فون آیا کہ مجھے بھارتی ہائی کمشنر نے واپس جانے کو کہا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ افضل گورو کو پھانسی دیے جانے کے بعد پاکستان میں ان کے لیے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔

معروف شاعر افتخار عارف نے کہا کہ مجھے اس بات کا علم دیر سے ہوا ورنہ میں اس مسئلے پر صدر پاکستان سے بات کرتا کسی بھی ملک سے آیا ہوا مہمان ہمارے لیے محترم ہے۔ ممتاز مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی نے کہا کہ یہ مسئلہ اتنا الجھتا جارہا ہے کہ اس پر بولنا مناسب نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔