نیکٹا ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے وزیر داخلہ

احسن اقبال کانیکٹاکادورہ،ڈی جی احسان غنی نے انسداددہشت گردی اقدامات پر بریفنگ دی


Numainda Express August 19, 2017
منشیات نوجوان نسل کو ناکارہ بنارہی ہے ،اسلام آباد میں منشیات کے خلاف بھرپور مہم چلائی جائے،آئی جی کو ہدایت۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال نے ہدایت کی ہے کہ نیکٹا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقیننی بنائے۔

وزیرداخلہ پروفیسر احسن اقبال نے جمعے کو نیکٹا کا دورہ کیا۔ وزیرداخلہ کو ڈی جی نیکٹا احسان غنی نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیرداخلہ نے کہا نیکٹا کو دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے، حکومت نیکٹا کو مزید فعال کرنے کیلیے عملی اقدامات کرے گی۔ انھوں نے ہدایت کی کہ نیکٹا نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقیننی بنائے، نیکٹا تمام صوبوں اور اداروں کیساتھ ملکر مربوط حکمت عملی بنائے۔

وزیرداخلہ نے کہا نوجوان نسل کو انتہاپسندی کی سوچ سے بچانے کیلیے ٹھوس بیانیہ بنانے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے رحجانات کو ختم کرنے کیلیے انتہاپسند سوچ پر تحقیق کو آگے بڑھایا جائے۔ عطیات کی وصولی کے حوالے سے فوری قانونی ضابطہ کار مرتب کیا جائے۔ ہم نے پاکستان کو آئندہ آنیوالی نسلوں کیلیے امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ ہمارا مشن دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتنا اور امن قائم کرنا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا دہشت گردی کا خاتمہ معیشت کی ترقی کیلیے ناگزیر ہے۔ والدین اپنے بچوں اور محلہ دار اپنے ہمسائیوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ پورے معاشرے کو اپنی ذمے داری نبھاتے ہوئے ہم آہنگی سے کام کرنا ہوگا۔

علاوہ ازیں وزیرداخلہ نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں منشیات کیخلاف بھرپور مہم چلائی جائے، تعلیمی اداروں میں منشیات کی فراہمی بند کروائی جائے، منشیات ہماری نوجوان نسل کوناکارہ بنارہی ہے۔

مقبول خبریں