وقار یونس، عمر اکمل کو ایک اور موقع دینے کے حامی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 25 اگست 2017
ورلڈالیون کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، کراچی میں بھی میچز ہونا چاہئیں،سابق کوچ۔ فوٹو : فائل

ورلڈالیون کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، کراچی میں بھی میچز ہونا چاہئیں،سابق کوچ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  سابق کوچ وقار یونس رویے میں بہتری کیلیے عمر اکمل کو ایک اور موقع دینے کے حامی ہیں۔

لاہور میں بطور ’’سجال کے مہمان‘‘  گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا کہ فٹنس کا خیال نہ رکھنے والے کھلاڑی کی کرکٹ ختم ہو جاتی ہے، عمر اکمل خود اپنے دشمن اور پاؤں پرکلہاڑی مار رہے ہیں، میں نہیں سمجھتا کہ ہیڈ کوچ آرتھر کی بات بُرا ماننے والی تھی، صرف باتوں سے مطمئن نہیں کیا جا سکتا، بیٹسمین کو میدان میں کارکردگی دکھانا ہو گی، 6ماہ کی رخصت لیکر اپنی خامیوں پر قابو پانے کوشش کریں۔

سابق کپتان نے کہا کہ عمر اکمل کا معاملہ اچھے انداز میں حل کرتے ہوئے رویہ بہتر بنانے کیلیے ایک موقع دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں اچھی چیزیں ہورہی ہیں، ڈائریکٹرز، سلیکٹرز، اکیڈمیز، پچز، گیندوں اور ٹیموں کی کمی کے حوالے سے اپنی سفارشات پر عملدآمد ہوتے دیکھ کر مجھے خوشی ہوئی، ٹیم میں نوجوان کرکٹرز کی شمولیت خوش آئند ہے، نئے ٹیلنٹ کو لانے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے،البتہ ڈومیسٹک کر کٹ کیساتھ بہت چھیڑ چھاڑ نقصان دہ ہے۔

وقار یونس نے کہا کہ پی ایس ایل، کھلاڑیوں کی فٹنس اور نوجوان پلیئرز کی شمولیت سے کرکٹ میں بہتری آئی ہے،چیمپئنز ٹرافی سے قومی ٹیم کا اعتماد بحال ہوا،آگے بڑھنے کیلیے میں بہت محنت کی ضرورت ہے۔ سابق ہیڈ کوچ نے کہا کہ ورلڈالیون کے آنے سے پاکستان میں کرکٹ بحال ہوگی، نیشنل اسٹیڈیم کراچی کی بھی ایک بڑی اہم تاریخ ہے، لاہور کے ساتھ ساتھ وہاں بھی میچز ہونا چاہئیں، انہوں نے کہا کہ فکسنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات لمحہ فکریہ ہیں، اس حوالے سے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔