کورنگی میں لاکالج کی عمارت کاافتتاح کردیاگیا

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینراور وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاہے کہ ملک میں شفاف انتخابات کے انعقادکے لیے کراچی میں قیام امن ضروری ہے۔

اگر حکومت نے کراچی میں قیام امن کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات نہیںکیے توملک میں انارکی پھیلے گی اور جمہوریت کوناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، لیاری گینگ وارکے اہم ملزمان کے سروںکی قیمتیں اور مقدمات کوواپس لیناغیرقانونی عمل اورجرم ہے،کراچی کے عوام کواگر تحفظ فراہم نہیں کیا گیا تو عوام اپنی مدد آپ کے تحت اپنی حفاظت پر مجبور ہو جائیں گے۔ یہ بات انھوں نے ہفتے کوکورنگی نمبر6میں کورنگی ٹائون کی جانب سے قائم کیے جانے والے لاکالج کی عمارت کے افتتاح کے بعدمیڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

یہ کالج 3 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کیا گیاہے،یہ ملک کا پہلا لاکالج ہے جوٹائون انتظامیہ نے قائم کیا ہے،اس کالج میں کلاسزجلدشروع ہو جائیں گی۔ اس موقع پرفاروق ستار نے کہاکہ کراچی میں بدامنی انتہا پسند عناصر ایک سازش کے تحت پھیلا رہے ہیں تاکہ پاکستان کو کمزور کیا جاسکے،کراچی ملک کی معیشت کا انجن ہے، یہاں حالات خراب ہونے کے باعث اس کے ثمرات ملک کی معیشت پر مرتب ہورہے ہیں۔