اقوام متحدہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کام نہیں کر رہا، ڈونلڈ ٹرمپ

ویب ڈیسک  پير 18 ستمبر 2017
ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس پر زور دیا کہ وہ عالمی ادارے میں اصلاحات کریں۔ فوٹو : فائل

ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس پر زور دیا کہ وہ عالمی ادارے میں اصلاحات کریں۔ فوٹو : فائل

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ادارہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کام نہیں کر رہا۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے 72 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر منعقدہ خصوصی اصلاحاتی سیشن سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بیوروکریسی سے زیادہ لوگوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔

امریکی صدر نے اقوام متحدہ کے دنیا بھر میں جاری آپریشنز پر آنے والے اخراجات کا سب سے زیادہ بوجھ امریکا کی جانب سے اٹھائے جانے پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ کسی بھی ملک پر غیر منصفانہ بوجھ نہیں ڈالنا چاہیے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے بحالی امن مشنز پر جو خرچہ آتا ہے اس کا 28.5 فیصد حصہ امریکا ادا کرتا ہے جو کہ غیر منصفانہ ہے۔

ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس پر زور دیا کہ وہ عالمی ادارے کی پالیسیوں میں اصلاحات لائیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا جن مقاصد کے لیے اقوام متحدہ میں پیسہ لگا رہا ہے اس کے نتائج نظر نہیں آ رہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے اعتراف کیا کہ انتظامی معاملات میں پیچیدگیوں کی وجہ سے ان کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 72 واں اجلاس 12 ستمبر سے شروع ہو چکا ہے جبکہ 19 ستمبر سے سربراہان مملکت کے خطابات کا سلسلہ شروع ہو گا۔ 19 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور امکان ہے کہ اپنے خطاب میں وہ شمالی کوریا اور عالمی دہشت گردی پر بات کریں گے۔ مختلف ممالک کے سربراہان اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔