خصوصی مضامین کیلئے بھرتی افراد جے ایس ٹی کی اسامیوں پر تعینات

اسامیوں سے زائد تقرر نامے جاری کیے گئے، تعیناتیوں کے بعد سرکاری اسکولوں میں جونیئر اسکول ٹیچرزکی اسامیاں ختم ہوگئی ہیں


Safdar Rizvi February 23, 2013
این ٹی ایس ٹیسٹ پاس کرنیوالے جے ایس ٹی کے امیدواروں کا تقرری سے محروم رہنے کا امکان،ڈائریکٹوریٹ اسکولز کے تحت بھرتیاں جاری. فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ تعلیم کی جانب سے گذشتہ 6 ماہ میں خصوصی مضامین کے لیے بھرتی کیے گئے افرادکو جونیئر اسکول ٹیچرزکی خالی اسامیوں پر تعینات کردیاگیا ہے۔

یہ تعیناتیاں ڈائریکٹوریٹ اسکولز کراچی کے تحت کی گئی ہیں جس کے سبب کراچی کے سرکاری اسکولوں میں جے ایس ٹی کی خالی اسامیاں ختم ہوچکی ہیں اور حال ہی میں این ٹی ایس پاس کرنے والے ہزاروں امیدواروں کی جے ایس ٹی کی اسامیوں پر تقرری کے امکانات معدوم ہوگئے ہیں، گریڈ19کے جونیئر ترین افسر اور موجودہ ڈائریکٹراسکولز کراچی قاسم بلوچ کی جانب سے بھرتیوں کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔

 

5

ان افراد کو گذشتہ تاریخوں میں تقررنامے جاری کیے جارہے ہیں ''ایکسپریس'' کو بعض سرکاری اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز نے بتایا کہ ان کے سرکاری اسکولوں میں جے ایس ٹی( جونیئر اسکول ٹیچرز )کی خالی اسامیاں اب مکمل ہوچکی ہیں تاہم قابل تذکرہ امر یہ ہے کہ اسامیاں پرکرنے والے یہ افراد خود جے ایس ٹی اساتذہ نہیں ہیں بلکہ ان کے تقررنامے ڈرائنگ ٹیچرز، سندھی لینگویج ٹیچرزاورعربی لینگویج ٹیچرزکی حیثیت سے جاری کیے گئے ہیں تاہم تقررنامے اتنی بڑی تعداد میں جاری کردیے گئے ہیں کہ اسکولوں میں مذکورہ تینوں اسامیاں ختم ہوچکی ہیں جس کے بعد سرکاری اسکولوں میں جے ایس ٹی کی خالی اسامیوں پر انھیں تعینات کیا جارہاہے۔

واضح رہے کہ محکمہ تعلیم حکومت سندھ کے عالمی بینک سے کیے گئے معاہدے کے مطابق جے ایس ٹی ، پی ایس ٹی اور ایچ ایس ٹی کی اسامیوں پر بھرتی تحریری ٹیسٹ کے بعد میرٹ پرہی کی جاسکتی ہیں ، تحریری ٹیسٹ کے نتائج حال ہی میں این ٹی ایس نے جاری کیے تھے، اب ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کے انٹرویوکامرحلہ باقی تھا تاہم اس دوران میں اسکولوں میں جے ایس ٹی کی خالی اسامیوں پر تقرر کیے گئے ڈرائنگ ٹیچرز ، سندھی لینگویج ٹیچرز اور عربی لینگویج ٹیچرزکو تعینات کردیا گیا ہے ۔

مقبول خبریں