پاکستانی چیک پوسٹ پر افغان دہشتگردوں کاحملہ، کیپٹن سمیت 2 اہلکار شہید

ویب ڈیسک  پير 13 نومبر 2017

 راولپنڈی: باجوڑ ایجنسی میں پاکستانی چوکی پر افغان دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے کیپٹن جنید حفیظ اور سپاہی رحم دل شہید جب کہ 4 سپاہی زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ ایجنسی میں پاک افغان سرحد سے ملحقہ پاکستانی پوسٹوں پر افغان دہشت گردوں نے حملہ کرکے پاک فوج کے کیپٹن جنید حفیظ اور سپاہی رحم دل کو شہید کردیا جب کہ 4 سپاہی زخمی ہوگئے۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 8 سے 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشت گرد زخمی بھی ہوئے جو واپس افغان سرحد کی جانب فرار ہوگئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دہشت گرد افغان حکومت کی رٹ نہ ہونے کی وجہ سے ایسی کارروائیاں کرتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹوئٹ میں کہا اس بات کی ضرورت ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کیے جائیں اور افغان بارڈر سیکیورٹی موثر بنائی جائے، بارڈر کے دونوں اطراف سیکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی زندگیاں برابر قیمتی ہیں، پاکستان نے اپنی طرف کے علاقوں کو کلیئر کرایا، باڑ لگائی، نئی چیک پوسٹس قائم کیں، کراسنگ پوائنٹس کے لیے سرحد  پر نفری بڑھائی لیکن پھر بھی مزید دو افراد کی شہادت ہوئی، پاکستان افغانستان کی طرف سے سیکیورٹی خلا کی قیمت ادا کررہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔