سلمان خان کے خلاف ایک اور مقدمے کی تیاری، نوٹس جاری

ویب ڈیسک  پير 15 جنوری 2018
سلمان خان نے ایک انٹرویو کے دوران  والمکی کمیونٹی کے لیے ’’بھنگی‘‘کا لفظ استعمال کیا تھا؛ فوٹوفائل

سلمان خان نے ایک انٹرویو کے دوران والمکی کمیونٹی کے لیے ’’بھنگی‘‘کا لفظ استعمال کیا تھا؛ فوٹوفائل

جے پور: بھارتی ریاست راجستھان میں ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ کی تشہیر کے دوران ہندوؤں کی نچلی ذات والمکی کے لیے ’بھنگی‘ کا لفظ استعمال کرنے پر سلمان خان اور شلپا شیٹھی کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ کی تشہیر کے دوران سلمان خان اور شلپا شیٹھی نے ہندوؤں کی والمکی کمیونٹی کے لیے ’’بھنگی‘‘ کا لفظ استعمال کیا تھا۔ جس پر دونوں فلمی ستاروں کے خلاف والمکی کمیونٹی نے شدید رد عمل کا اظہار کیا تھا۔ اس ڈائیلاگ کی بنیاد پر ریاست راجستھان کے ضلع چھورو میں دونوں ستاروں کے خلاف والمکی کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہچانے کا الزام لگا کر مقدمے کی درخواست دائر کی گئی تھی، اسی درخواست کی بنیاد پر چھورو کے ڈپٹی ایس پی حکم سنگھ نے سلمان خان، شلپا شیٹھی اور فلم ناقد کومل نہتا کو نوٹس جاری کئے ہیں جس میں ان سے جواب طلب کیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان اور شلپا شیٹھی کے خلاف مقدمہ

سلمان خان اور شلپا شیٹھی کے خلاف گزشتہ ماہ روجگار آغاری ری پبلکن پارٹی نامی تنظیم نے ممبئی پولیس کو دونوں سپر اسٹارز کے خلاف شکایت درج کی تھی، تاہم بعد میں شلپا شیٹھی نےمعافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ میرے کہے گئےچند الفاظ سے لوگوں کو ٹھیس پہنچی ہے حالانکہ میرا مقصد کسی کے جذباتوں کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا، میں اپنے کہے گئے الفاظوں پر شرمندہ ہوں اور معافی مانگتی ہوں۔

واضح رہے کہ راجستھان میں ہی ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ کے دوران سلمان خان کے خلاف کالے ہرن کے شکار اور ممنوعہ ہتھیار رکھنے پر کئی برسوں تک مقدمہ چلا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔