پاکستان نے یونان کیساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کا معاہدہ ختم کر دیا

عملدرآمد2014 سے ہوگا، معاہدہ 1980 میں ہوا، 2012 میں کابینہ نے ختم کرنیکی منظوری دی،ایف بی آر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا.


Irshad Ansari March 19, 2013
عملدرآمد2014 سے ہوگا، معاہدہ 1980 میں ہوا، 2012 میں کابینہ نے ختم کرنیکی منظوری دی،ایف بی آر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا. فوٹو: فائل

SINGAPORE: پاکستان نے یونان کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاو کا معاہدہ ختم کردیا ہے۔

اس ضمن میں،،ایکسپریس،،کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے لیٹر نمبری F.NO.2(24) (Int.taxes) /2005 کے تحت سرکلر نمبر چار 2013 جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یونان کے ساتھ بحری جہازوں(Ships) اور ہوائی جہازوں (Aircraft) سے حاصل ہونیو الی آمدنی بارے دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کا معاہدہ ختم کرنے پر یکم جنوری 2014 سے عملدرآمد ہوگا اس لیے پیشگی اطلاع کی جاتی ہے کہ یکم جنوری 2014 سے یونان کے ساتھ دہرے ٹیکسوں کا معاہدہ ختم ہوجائیگا جس کیلیے ضروری ہے کہ تمام امور کو قبل ازوقت نمٹایا جائے ۔

ایف بی آر کی ان لینڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کیے جانے والے اس سرکلر میں مزیدکہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نے بحری جہازوں اور ہوائی جہازوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کے حوالے سے یونان کے ساتھ طے شُدہ دوہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کا معاہدہ ختم کردیا ہے۔



سرکلر میں تمام چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو ہدایت کی گئی ہے کہ یونان کے ساتھ بحری جہازوں اور ہوائی جہازوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کے حوالے سے دوہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کا معاہدہ ختم ہونے سے متعلق تمام متعلقہ افسران اور فیلڈ فارمشنز کو آگاہ کیا جائے سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور یونان کے درمیان بحری جہازوں (Ships) اور ہوائی جہازوں (Aircraft) سے حاصل ہونیوالی آمدنی بارے دوہرے ٹیکسوں سے پچاؤ کا معاہدہ سات مئی 1978کو طے پایا تھا تاہم اس معاہدے پر عملدرآمد اٹھارہ مئی 1980 سے شروع ہوا سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے31 اکتوبر 2012 کو یونان کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کا معاہدہ ختم کرنے کی منظوری دی۔

جس کے بعد وزارت خارجہ نے22 فروری 2013 کو لیٹر نمبری Gre-1/2013/(E-II) کے تحت پاکستان میں قائم یونان کے سفارتخانے کو یونان کے ساتھ جہازوں اور ہوائی جہازوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کے حوالے سے دہرے ٹیکسوں سے بچاؤ کا معاہدہ ختم کرنے بارے نوٹس بھجوادیا تھا جس کے بعد اب اس معاہدے کو ختم کرنے کے حوالے سے عملدرآمد بارے ایف بی آر نے نوٹیفکیش جاری کیا ہے۔

ان لینڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری انٹرنیشنل ٹیکسز محمد اشفاق احمد کے دستخطوں سے جاری ہونے والے مذکورہ سرکلر کی کاپیاں چیئرمین ایف بی آر،تمام ممبران ایف بی آر،چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو ایل ٹی یوز اور آر ٹی اوز،ڈائریکٹر جنرل ان لینڈ ریونیو ایف بی آر،تمام چیفس ان لینڈ ریونیو ونگ ایف بی آر کے علاوہ تمام متعلقہ حکام اور فیلڈ فارمشنز کو بھجوادی ہیں۔

مقبول خبریں