پاکستان میں پاپ موسیقی متعارف کرنے والی نازیہ حسن کا 48 واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے۔
دل موہ لینے والی سریلی آواز اور پریوں جیسا حسن رکھنے والی گلوکارہ نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، نازیہ حسن نے اپنے کیرئیر کا آغاز 80 کی دہائی میں صرف 15 برس کی عمر میں بھارتی فلم ''قربانی'' میں گائے گیت " آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے " سے کیا جس نے انہیں کم عمری میں ہی شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔1981 میں انہوں نے اپنا مشہورزمانہ البم ''ڈسکو دیوانے'' ریلیز کیا پھر تو قسمت کی دیوی ان پر ایسی مہربان ہوئی کہ انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
بلبل ایشیا کا لقب پانے والی نازیہ حسن نے اپنے چھوٹے بھائی زوہیب کے ہمراہ پاکستان میں جدید موسیقی کی بنیاد رکھی، دونوں نے مشرقی اور مغربی موسیقی کے امتزاج سے ایسے گیت پیش کیے جو اتنا عرصہ گزرجانے کے باوجود آج بھی شائقین موسیقی میں مقبول ہیں۔
خوبصورت چہرے اور آواز کی مالک نازیہ حسن نے لندن لا کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی، نازیہ نے 30مارچ 1995 کو مرزا اشتیاق بیگ سے شادی کی لیکن سرطان کےمرض میں مبتلا ہونے کے باعث ان کی ازواجی زندگی بھی شدید متاثر رہی جس کا نتیجہ علیحدگی کی صورت میں سامنے آیا.
نازیہ حسن 13اگست 2000کو لندن کے ایک اسپتال میں صرف 35 برس کی عمر میں پھیپھڑوں کے کنیسر میں مبتلا ہونے کے باعث انتقال کرگئیں، ان کی فنی خدمات کے اعتراف پر حکومت پاکستان نے انہیں ''تمغہ حسن کارکردگی'' سے بھی نوازا۔