جامعہ کراچی کا14امیدواروں کی اسناد کی تصدیق سے انکار

یونیورسٹی نے سردارثنا اللہ خان زہری اورپیر سید صدرالدین شاہ راشدی سمیت 5 امیدواروں کی اسناد کو درست قراردے دیا


Safdar Rizvi April 05, 2013
این ای ڈی نے بھی ایک امیدوارکی سندکی تصدیق کردی، میٹرک بورڈ کو بہاولپورکے امیدوارکا میٹرک کا سرٹیفکیٹ موصول فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی جانب سے موصولہ 5 انتخابی امیدواروں کی اسنادکودرست قراردیتے ہوئے ان کی تصدیق کردی۔

ان امیدواروںمیں سردارثنا اللہ خان زہری اور پیر سید صدرالدین شاہ راشدی سمیت دیگرشامل ہیں، یونیورسٹی انتظامیہ نے تعلیمی دستاویزات کے بغیر14انتخابی امیدواروں کی اسناد کی تصدیق سے انکارکردیا، ادھر این ای ڈی یونیورسٹی نے دائود انجینئرنگ کالج سے بی ای کی ڈگری لینے والے ایک انتخابی امیدوارکی سندکی تصدیق کی ہے جبکہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کوبھی بہاولپورکے ایک انتخابی امیدوارکی میٹرک کی سندتصدیق کیلیے موصول ہوگئی۔

''ایکسپریس''کوثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بہاولپورکے ریٹرنگ افسرکی جانب سے نظام الدین ولدخواجہ غلام نامی انتخابی امیدوارکی میٹرک کی سند تصدیق کیلیے موصول ہوئی ہے تاہم اس کی تصدیق ابھی باقی ہے، این ای ڈی یونیورسٹی کے ذرائع کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے فرحت نامی انتخابی امیدوارکی الیکٹرونک کی دائود کالج کی سندبھجوائی گئی تھی جس کی تصدیق کردی گئی ہے۔



علاوہ ازیں جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے سردار ثنا اللہ خان زہری،پیرسید صدرالدین شاہ راشدی ،حسنہ آفتاب،احمدعلی خان جلبانی اوریاسمین حسین کی اسناد کودرست قراردیتے ہوئے ایچ ای سی کواس سے آگاہ کر دیا، مزید براں جوڈیشل کورٹ کمپلیکس کے ریٹرنگ آفیسر طارق محمود کھوسوکی جانب سے ڈاکٹرصغیراحمد،عبدالرئوف صدیقی، عبدالشکور،منیراحمد شاکر، سید محمود علی شاہ،مسعود محمود، ڈاکٹر عابد ستار، وسیم اختر،زاہد سعید،ڈاکٹرعبداللہ وہرہ، آصف خان مروت،محمد ابراہیم، قادربخش اورآفتاب احمدکے نام تفصیلی خطوط کے ساتھ یونیورسٹی انتظامیہ کوموصول ہوئے ہیں۔

تاہم ان خطوط کے ساتھ کسی امیدوارکی اصل سندیاعکس کومنسلک نہیں کیا گیا لہٰذاایک تحریرکے ذریعے متعلقہ ریٹرنگ افسرسے ان تمام انتخابی امیدواروں کی تعلیمی دستاویزات بھی مانگی گئی ہیں، یونیورسٹی کے اعلیٰ افسرکے مطابق ایچ ای سی اورریٹرنگ افسرکی جانب سے انتخابی امیدواروں کی تعلیمی دستاویزات موصول ہونے کی صورت میں ان کی ڈگریوں کی تصدیق کی جائیگی۔

مقبول خبریں