پیرس ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کی جانچ پڑتال مزید سخت

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 17 مارچ 2018
پی آئی اے کے طیاروں کو غیرمعمولی تلاشی کا سامنا نہیں، انسپکشن کی جارہی ہے، ترجمان۔ فوٹو: فائل

پی آئی اے کے طیاروں کو غیرمعمولی تلاشی کا سامنا نہیں، انسپکشن کی جارہی ہے، ترجمان۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پیرس میں پی آئی اے کے عملے سے ہیروئن برآمدگی کے بعد قومی ایئر لائن کی پروازوں کی جانچ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے پی آئی اے کی اسلام آباد سے جانے والی پرواز پی کے 749 کے فلائٹ اسٹیورڈ سے 4 کلو ہیروئن برآمد ہونے اور بعدازاں ایک دوسرے فلائٹ اسٹیورڈکے ملوث ہونے کے معاملے کی وجہ سے پیرس جانے والی پروازوں جبکہ کاک پٹ اور کیبن کریو کی جانچ پڑتال گذشتہ کے مقابلے میں کئی گنا بڑھادی گئی ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ پروازوں کی آمد کے بعد فرانسیسی کسٹم اور پولیس کی جانب سے جانچ پڑتال کے دوران سراغ رساں کتوں کو بھی استعمال کیا جارہاہے ،گذشتہ دن لاہور سے پیرس پہنچنے والی پرواز کی آمد کے فوراً بعد ایئرپورٹ پر فرانسیسی اداروں نے مسافروں کو اترنے دیے بغیر جہاز کی مکمل تلاشی لی اور بعدازاں مسافروں کو جہازسے جانے کی اجازت ملی۔

ادھر ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کا کہناہے کہ پیرس کے لیے قومی ایئرلائن کا آپریشن معمول کے مطابق ہے اور پاکستان کے مختلف شہروں کو پروازوں کی آمد وروانگی کا سلسلہ تواتر سے جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے طیاروں کو غیر معمولی تلاشی کا سامنا نہیں ہے تاہم فرانسیسی قوانین کے مطابق جہازوں کی انسپکشن کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔