غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت خوش آیند امر مگر…

ساز گار کاروباری ماحول سرمایہ کار کو خود بخود راغب ہونے پر مجبور کرتا ہے۔


Editorial April 20, 2018
ساز گار کاروباری ماحول سرمایہ کار کو خود بخود راغب ہونے پر مجبور کرتا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور تجارتی سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہی کے لیے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے ''پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع'' کے عنوان سے پاکستان ہاؤس میں ہونے والے سیمینار سے سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین وزیر مملکت نعیم زمیندار نے سکائپ پر پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے، پاکستان بڑی آبادی اور جغرافیائی اسٹرٹیجک علاقہ ہونے کی حیثیت سے سرمایہ کاری کے لیے بہترین ملک ہے۔

غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت دینا خوش آیند امر ہے' جتنے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو گی اتنے ہی روز گار کے وسیع مواقع پیدا ہونے سے ملکی معیشت اور کاروباری ماحول مستحکم ہو گا۔

ٹورنٹو میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کے لیے پاکستانی حکام نے اقتصادی ترقی کے مثبت اشاریے پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جدت اور ٹیکنالوجی پر توجہ دینے کے ساتھ ساتھ وسیع تناظر میں انفرااسٹرکچر کو ترقی دے رہے جس کے باعث معاشی اشاریے مستحکم ہو رہے ہیں۔

وقتاً فوقتاً شایع ہونے والی حکومتی رپورٹس کے مطابق بہت سے ملکی شعبوں میں معاشی ترقی کے مثبت اشارے مل رہے ہیں لیکن دوسری جانب ان رپورٹس کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا کہ برآمدات کے مقابلے میں درآمدات کا گراف بلند ہونے کے باعث ملکی تجارت خسارے کا شکار ہو رہی ہے۔

ساز گار کاروباری ماحول سرمایہ کار کو خود بخود راغب ہونے پر مجبور کرتا ہے مگر جہاں سیاسی بے یقینی' مہنگائی اور آئے دن ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہونے کا ماحول موجود ہو وہاں غیرملکی تو کیا ملکی سرمایہ کار کو بھی راغب کرنا ایک مشکل امر ہے۔ لوڈشیڈنگ کے باعث صنعتکاروں کے لیے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں، ٹیکسوں کے پیچیدہ نظام کے سبب رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سمیت بہت سے معاشی شعبوں میں ترقی کی رفتار سست دکھائی دے رہی ہے۔

ٹیکسٹائل انڈسٹری مشکلات کا شکار ہونے کے باعث عالمی منڈی میں بنگلہ دیش' چین اور بھارت سے مسابقت کی دوڑ میں پیچھے جا رہی ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنا قابل ستائش امر ہے لیکن سب سے پہلے ملکی سرمایہ کاروں کے لیے بھی ساز گار معاشی اور اقتصادی ماحول پیدا کرنا ضروری ہے اگر ملکی سرمایہ کار بے یقینی کی صورت حال کے باعث پریشان ہو گا تو غیرملکی سرمایہ کار کیسے سرمایہ کاری کی جانب راغب ہو گا۔ اگر حکومت ملکی سرمایہ کار کو زیادہ سے زیادہ مراعات اور سہولتیں فراہم کرے تو معیشت میں ہونے والی ترقی کو دیکھ کر غیرملکی سرمایہ کار خود بخود راغب ہوتا چلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں