مقبوضہ کشمیر میں آبروریزی کے تمام واقعات کی دوبارہ تحقیقات کرائی جائیں، میر واعظ

خبر ایجنسیاں  ہفتہ 21 اپريل 2018
بے حرمتی اور قتل کے مقدمے کی تیزتر سماعت کے مطالبے کے حق میں جموں ریجن کے علاقوں کشتواڑ، بھدروہ اور رام بن میں مسلمانوں نے ہڑتال کی،ضلع بارہ مولہ کے قصبے اوڑی میں بھی ہڑتال کی گئی۔ فوٹو اے پی پی

بے حرمتی اور قتل کے مقدمے کی تیزتر سماعت کے مطالبے کے حق میں جموں ریجن کے علاقوں کشتواڑ، بھدروہ اور رام بن میں مسلمانوں نے ہڑتال کی،ضلع بارہ مولہ کے قصبے اوڑی میں بھی ہڑتال کی گئی۔ فوٹو اے پی پی

 سری نگر /  لندن:  مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے 8 سالہ آصفہ کی آبروریزی اور قتل کے مجرموں کو کڑی سز ا دینے اور بھارتی فورسز کی طرف سے 1990سے کیے جانے والے عصمت دری کے تمام واقعات کی دوبارہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

جامع مسجد سری نگر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ اس وقت جب پوری دنیا میں آصفہ کے المناک واقعے پر غم و غصہ پایا جاتا ہے اور انصاف کا مطالبہ کیا جارہا ہے کشمیری آبروریزی کا شکار سیکڑوں خواتین کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

میر واعظ نے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلیے کنن پوشپورہ، چک سعدپورہ، پزی پورہ، پالہ پورہ، شوپیاں، بدسگام، بالی پورہ اور دیگر علاقوں میں آبروریزی کی بہیمانہ کارروائیاں کی ہیں۔ ان تمام واقعات کی غیر جانبدار ایجنسیوں کے ذریعے تحقیقات کرا کے مجرموں کو سزا دی جائے۔

سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔

حریت رہنمائوں مختار احمد وازہ اور جاویداحمد میر نے اسلام آباد، سری نگر اور بڈگام کے علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس ظاہر کیا۔

جموں ریجن کے علاقوں کشتواڑ ، بھدروہ اور رام بن میں مسلمانوں نے ننھی آصفہ کی بے حرمتی اور قتل کے مقدمے کی تیزتر سماعت کا مطالبے کے حق میں ہڑتال کی۔ ننھی بچی کی بے حرمتی اور قتل کے خلاف ضلع بارہ مولہ کے قصبے اوڑی میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ حریت رہنما امتیاز احمد ریشی نے اس سانحے کے خلاف سری نگر کے علاقے صورہ میں ایک احتجاجی مظاہرے کی قیادت کی۔

بھارتی پولیس نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو سری نگر میں گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کرکے کوٹھی باغ تھانے میں نظر بند کردیا۔ پولیس نے ضلع پلوامہ کے علاقوں پرچھو اور ملک پورہ سے گزشتہ رات گھروں پر چھاپوں کے دوران 4 نوجوان گرفتار کرلیے۔

برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ کے65 ارکان کے دستخط کے بعد کشمیر پٹیشن برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کو پیش کردی گئی۔ جموں کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجا نجابت حسین نے ممبران پارلیمنٹ افضل خان، بیرسٹر عمران حسین، کونسلر یاسمین ڈار، محمد اعظم، سمیرا شاہد راجا، شاہدہ جرال، راجا اعجاز محمود نے10ڈائوننگ اسٹریٹ جا کرکشمیر پٹیشن جمع کرائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔