خواتین کو مردوں کے برابر حقوق تعلیم مفت طالبان سے مذاکرات جے یو آئی ف کا منشور

آئندہ حکومت ہمارے بغیربنے گی نہ چلے گی، الیکشن کمیشن سیکولر ہے تووضاحت کرے


Numainda Express April 16, 2013
آئندہ حکومت ہمارے بغیربنے گی نہ چلے گی، الیکشن کمیشن سیکولر ہے تووضاحت کرے فوٹو: فائل

لاہور: جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن نے جمعیت کا 15 نکاتی منشورپیش کرتے ہوئے کہاکہ جے یو آئی اقتدار میں آکر پاکستانی مفادات کے مطابق خارجہ پالیسی ترتیب دے گی۔

ملک میں امن وامان کاقیام پہلی ترجیح ، توانائی بحران کے حل کیلیے فوری منصوبوں کاآغاز، تعلیم وصحت کی سہولتیں مفت، طالبان سے مذاکرات، صوبائی خودمختاری، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی روشنی میں قانون سازی، اقلیتوں کے حقوق کاتحفظ، خواتین کو مردوں کے برابرحقوق دیں گے فرقے کی بنیادپرووٹ مانگنا جرم ہے مذہب کی بنیادپرووٹ مانگنے سے روکناپاکستان کی بنیادکے خلاف ہے۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانافضل الرحمن نے کہاکہ مسئلہ کشمیرطے شدہ اصولوں کے مطابق طے کرنے کے حامی ہیں کشمیریوں کی مایوسی خطے میں نئی مشکل کوجنم دے سکتی ہے۔

افغانستان کامسئلہ مذاکرات سے حل کرناہوگا اوروہاں جاری مذاکرات کے عمل کے ہم حامی ہیں دہشت گردی کے خلاف امریکا کی جنگ ناکام ہوگئی ہے خواتین کوجائزمقام دیں گے اورخواتین کومردوں کے ساتھ برابرکی شرکت کے تصورکوفروغ دیں گے۔



انھوں نے ایک سوال پر کہاکہ جے یو آئی نے 600 سے زائدامیدوارکھڑے کیے ہیں سیٹوں کافیصلہ توعوام کریں گے مگراتناجانتے ہیں کہ آئندہ حکومت یاہمارے بغیربنے گے نہیں یاہمارے بغیرچلے گی نہیں کوئی پارٹی الیکشن کے بائیکاٹ کے موڈمیں نہیں الیکشن روکنے والی کوشکست ہوچکی ہے مگران کے عزائم ابھی باقی ہیں ۔ فرقہ پرستی کی بنیاد پر الیکشن نہیں ہونے چاہیے یہ بات درست ہے مگرمذہب کی بنیاد پرووٹ مانگنے سے روکنا کسی طورپربھی درست نہیں یہ پاکستان کی بنیادوں کے خلاف ہے اگرالیکشن کمیشن سیکولر ہے تووضاحت کرے ۔ مولانافضل الرحمن نے کہاکہ بلدیاتی نظام کسی بھی جمہوری عمل کے لیے ضروری ہے اس کومزیدآگے بڑھاناہوگا۔

مقبول خبریں