چیچینا میں چرچ پر حملے میں 7 افراد ہلاک

حملہ آور چرچ میں موجود لوگوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے، پولیس


ویب ڈیسک May 20, 2018
حملہ آور چرچ میں موجود لوگوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے، پولیس فوٹو:فائل

CHICAGO: چیچینا کے ایک آرتھو ڈوکس چرچ پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں حملہ آوروں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چیچینا کے دارالحکومت گروزنی میں واقع ایک چرچ (Archangel Michael church) پر 4 اسلحہ بردار افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک خدمت گار اور سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ دیگر پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے چاروں حملہ آوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ حملہ آوروں کے قبضے سے آتشی اسلحہ اور چاقو بھی برآمد ہوئے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ 4 دہشت گردوں نے چرچ پر حملہ کر کے اندر موجود لوگوں کو مغوی بنانا چاہا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چاروں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد دی جا رہی تھی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

واضح رہے کہ گروزنی کے جس علاقے میں چرچ پر حملہ کیا گیا ہے وہاں گزشتہ 20 سال سے علیحدگی پسند متحرک ہیں اور روس کے خلاف مسلح جدوجہد کر رہے ہیں۔ روس میں ایک ماہ بعد 14 جون سے فٹ بال ورلڈ کپ کا آغاز بھی ہونے جا رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں