تمام بڑے شہروں کے لیے اربن ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ

حسیب حنیف  اتوار 10 جون 2018
واٹرویزسے سامان کی نقل و حرکت،بڑے شہروں میں پارکنگ مسائل حل کرنے کیلیے بھی پالیسی بنائی جائے گی،دستاویز۔ فوٹو: فائل

واٹرویزسے سامان کی نقل و حرکت،بڑے شہروں میں پارکنگ مسائل حل کرنے کیلیے بھی پالیسی بنائی جائے گی،دستاویز۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت تمام بڑے شہروں کے لیے اربن ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو موصول دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت روڈ ٹرانسپورٹ، ریل ٹرانسپورٹ اور اربن ٹرانسپورٹ سمیت ٹرانسپورٹ کے تمام ذرائع کو بہتر کرنے کے سلسلے میں مختلف اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت وفاقی حکومت کی جانب سے نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت اربن ٹرانسپورٹ کو فروغ دیتے ہوئے تمام بڑے شہروں کے لیے اربن ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت ملک کے بڑے شہروں میں موٹرائزڈ ٹرانسپورٹ کی حوصلہ شکنی کر تے ہوئے پیدل چلنے اور سائیکلنگ کو فروغ دینے کی تجویز بھی ہے۔

دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے شہروں میں پیدل چلنے، سائیکلنگ نیٹ ورکس اور دیگر سہولتوں کو ڈیولپ کیا جائے گا اور پرائیویٹ موٹرائزڈ ٹرانسپورٹ کو جہاں تک ہو سکے کمی لائی جائے گی، اس وقت ملک کے تمام بڑے شہروں میں پارکنگ کے مسائل درپیش ہیں جس کی ایک بڑی وجہ نئے بننے والے پلازوں میں پارکنگ کی جگہ نہ چھوڑنا اور پارکنگ کے لیے کوئی موثر حکمت عملی تاحال نہ ہونا ہے۔

اس سلسلے میں بھی حکومت نے اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور نیشنل ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت حکومت کی جانب سے پارکنگ پالیسی بنائی جا ئے گی جس کے ذریعے ملک میں درپیش پارکنگ مسائل کو حل کرنے کے لیے کام کیا جائے گا، اس کے علا وہ جہاں پر ممکن ہو سکے گا۔

شہروں کے اندر جہاں واٹر وے ٹرانسپورٹ سسٹم کو بھی سامان کی نقل و حرکت اور سفرکیلیے استعمال کیاجائے گا اور اربن ٹرانسپورٹ اتھارٹیز بھی قائم کی جائیں گی جومقامی ٹرانسپورٹ سروسز کی منصوبہ سازی اور ریگولیٹ کریں گی۔

اربن ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کی جانب سے اربن پبلک ٹرانسپورٹ کو لائسنس بھی دیا جائے گا، موثر اور مستحکم ٹرانسپورٹ کے نظام کو فروغ دینے کیلیے ضابطہ کار کا تعین کیا جائے گا، فضا میں کاربن کی کمی کیلیے الیکٹرک اور دیگر کم کاربن والی ٹرانسپورٹ کو فروغ دیا جائے گا، اربن ٹرانسپورٹ کی سیفٹی اور سیکیورٹی بھی بڑھائی جا ئے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔