آئی جی سندھ نے انتخابی امیدوار کے قتل کی رپورٹ طلب کرلی
امیدواروں ،سیاسی رہنماؤں اورغیر ملکیوں کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنائیں گے،آئی جی
آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ امن و امان کی موجودہ صورتحال اور حالات کے پیش نظر الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں ، سیاسی جماعتوں کے دفاتر اورعام انتخابات کے تحت ہونے والی کارنر میٹنگز ، جلسوں ، ریلیوں اور جلوسوں کے تحفظ کے ضمن میں تیار کردہ سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
یہ ہدایات انھوں نے کراچی میں فائرنگ کے نتیجے میں این اے 254 کے امیدوار کی ہلاکت کے تناظر میں جاری کیں،انھوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے وقوع کی رپورٹ فوری طور پر طلب کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے ،دریں اثنا انسپکٹر جنرل پولیس سندھ شاہد ندیم بلوچ سے سینٹرل پولیس آفس میں جرمنی کے قونصل جنرل ڈاکٹر ٹائلو کلمر اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن جورجن نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آئی جی سندھ نے وفد کو بتایا کہ پولیس نے قانون نافذ کرنے والے دیگر ادروں کی مشاورت سے الیکشن کے لیے غیر معمولی اقدامات پر مشتمل مشترکہ سیکیورٹی پلان تیار کیا ہے جس کا مقصد عام انتخابات کو پرامن ، غیر جانبدارانہ اور آزادانہ بنانے کے ساتھ ساتھ الیکشن عمل سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز ، الیکشن عمل کا مشاہدہ کرنے والے غیر ملکی مبصرین،ماہرین کے علاہ صوبے میں قائم مختلف سفارتخانوں ، سفارتکاروں کی رہائش گاہوں اور مختلف پروجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کو بھی بالخصوص یقینی بنانا ہے۔
،انھوں نے کہا کہ سینٹرل پولیس آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم ، الیکشن مانیٹرنگ سیل عام انتخابات کے دوران مسلسل چوبیس گھنٹے کام کرے گا اور سندھ کے دیگر وائر لیس بیسز سے رابطے میں رہے گا ،علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی ، تخریب کاری کے تناظر میں سندھ پولیس کا K-9 یونٹ کا عملہ مستعد اور تیار ہے جبکہ اس یونٹ کے تحت سرغ رساں کتوں کو انسداد دہشت گردی میں استعمال کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں ۔