مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے پر جان ابراہم کے خلاف مقدمہ درج

ویب ڈیسک  جمعرات 5 جولائی 2018
فلم میں کچھ ایسے سین شامل ہیں جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے کا خدشہ ہے، فوٹوفائل

فلم میں کچھ ایسے سین شامل ہیں جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے کا خدشہ ہے، فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکار جان ابراہم کے خلاف بی جے پی کے جنرل سیکریٹری کی جانب سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے پر ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔

جان ابراہم کے خلاف بھارتی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) اقلیت کے جنرل سیکریٹری سید علی جعفری نے ایف آئی آر درج کرائی ہے، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ جان ابراہیم کی فلم’ستیہ میو جیتے‘ کے ٹریلر میں کچھ ایسے مناظر دکھائے گئے ہیں جن سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں لہٰذا فلم سے یہ مناظر حذف کیے جائیں۔ فلم کے ٹریلر میں محرم الحرام میں جان ابراہیم کو دیگر افراد کے ساتھ ماتم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ سید علی جعفری کا کہنا ہے کہ اس منظر کو ٹریلر میں مثبت انداز سے نہیں دکھایا گیا۔

اس حوالے سے فلم کے ہدایت کار ملاپ زاویری نے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے جب کہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کے سینئر ممبر کا کہنا ہے کہ فلم کو ہمارے پاس آنے دیجئے، فلم سنسر بورڈ کے تجربہ کار پینل کو دکھائی جائے گی اور اگر پینل کو فلم دیکھتے ہوئے کہیں بھی محسوس ہوا کہ فلم میں شامل محرم کے حوالے سے سین کے باعث لوگوں کے جذبات مجروح ہونے کا خدشہ ہے تو یہ سین فلم سے فوراً ہٹادیا جائے گا۔ سی بی ایف سی کا موقف مذہبی معاملات میں بہت واضح ہے، کسی کو بھی اظہار رائے کی آزادی کے نام پر  کسی کے جذبات مجروح کرنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔

دوسری جانب سی بی ایف سی کے سابق چیئرمین پہلاج نہلانی کا کہنا ہے کہ جس چیز سے لوگوں کے مذہبی جذبات مجروح ہونے کا خدشہ ہو اس پر بحث یا تنازعہ کی ضرورت ہی نہیں،  بلکہ اس مواد کو پہلی فرصت میں فلم سے خارج کردیا جانا چاہئے۔ ہمیں وزارت اطلاعات اور نشریات کی جانب سے سخت ہدایت دی گئی ہیں کہ جس سے عوام کے جذبات مجروح ہوتے ہوں اس میں رسک لینے کی ضرورت نہیں ہے اور ایسے مواد کو فوری طور پر ہٹادیاجائے۔ مجھے یقین ہے کہ فلم’ستیہ میو جیتے‘ کے ہدایت کاروپروڈیوسرز فلم سے متنازعہ سین احتجاج کے پیش نظر ہٹادیں گے۔

واضح رہے کہ فلم’ستیہ میو جیتے‘ میں اداکار جان ابراہیم مرکزی کردار اداکررہے ہیں فلم 15 اگست کو  سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔