پتھروں سے ٹریفک جام راہگیروں کو مشکلات دکانداروں کا کاروبار بھی متاثر

فٹ پاتھ کیساتھ سڑکوں پربھی پتھرلگائےگئےہیں،پتھاراکلچرکےباعث...


Business Reporter August 13, 2012
لیاقت آباد :پتھاروں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہورہی ہے ،مارکیٹ آنے والے خریداروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو ایکسپریس

شہر کے تمام تجارتی مراکز میں بڑے پیمانے پر پتھارے لگائے جانے سے بازاروں کے اطراف میں بد ترین ٹریفک جام کا سامنا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہورہی ہے، شہر کے تمام تجارتی مراکز میں پولیس اور کے ایم سی کی سرپرستی میں مجموعی طور پر 40 ہزار سے زائد پتھارے لگائے گئے ہیں جن سے پولیس اور کے ایم سی کے کارندے یومیہ بنیادوں پر وصولیاں کررہے ہیں۔

کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی نے ان غیرقانونی پتھاروں کو ریگولر کنڈے فراہم کردیے ہیں جن سے یومیہ500 روپے بجلی کی مد میں وصول کیے جارہے ہیں، کراچی ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین صدیق میمن کے مطابق شہر کے تمام تجارتی مراکز پر پتھارا مافیا کا قبضہ ہے، پولیس اور کے ایم سی نے شاپنگ سینٹرز اور تجارتی مراکز کے داخلی خارجی اور ہنگامی راستوں پر بھی پتھارے لگادیے ہیں اسی طرح فٹ پاتھوں کے ساتھ اطراف کی سڑکوں پر بھی پتھاروں کی بھرمار ہے جس سے خریداروں کا چلنا پھرنا تک دوبھر ہوگیا ہے۔

ان پتھاروں سے کے ایم سی اور پولیس یومیہ بنیادوں پر لاکھوں روپے کا نذرانہ وصول کررہی ہے جو کسی سرکاری کھاتے میں جانے کے بجائے نیچے سے اوپر تک عملہ اہلکار اور افسران ہڑپ کررہے ہیں، کراچی ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین صدیق میمن کے مطابق طارق روڈ کے بازار میں مستقل پتھاروں کی پگڑی2 سے ڈھائی لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہے، عید کیلیے بڑی تعداد میں عارضی پتھارے بھی لگادیے گئے ہیں جس سے دکانداروں اور شاپنگ سینٹرز کی فروخت میں غیرمعمولی کمی کا سامنا ہے۔

بازاروں میں پارکنگ کی مخصوص جگہوں پر بھی پتھارے لگائے جانے سے شہری رہائشی گلیوں میں فی گاڑی 50سے 100روپے تک پارکنگ ادا کرکے گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہیں جس سے ایک جانب علاقہ مکینوں کو مشکلات کا سامنا ہے دوسری جانب گاڑیوں سے قیمتی سامان کی چوری کے واقعات بھی ہورہے ہیں، زیادہ تر پتھاروں پر ریڈی میڈ گارمنٹس، جوتے چپلیں، بیگز، کاسمیٹکس، گھریلو آرائش کا سامان، جیولری اور بچوں کے آئٹمز فروخت کیے جارہے ہیں۔

سب سے زیادہ پتھارے طارق روڈ، صدر اور حیدری کے بازاروں میں لگائے گئے ہیں جبکہ شہر میں خواتین کیلیے مخصوص6 شاپنگ سینٹرز کے باہر بھی بڑے پیمانے پر پتھارے لگائے جانے سے خواتین کی شاپنگ سینٹرز میں آمدورفت مشکل ہوگئی ہے، تاجروں کے مطابق پتھارا کلچر کی وجہ سے عید کے سیزن کیلیے سرمایہ کاری کرنے والے دکاندار پریشان ہیں، بیشتر بازاروں میں عید پر بڑے پیمانے پر کھانے پینے کے اسٹالز بھی لگائے گئے ہیں جن سے بازاروں میں گندگی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔

مقبول خبریں