امریکا میں طوفان نے تباہی مچادی، 100 افراد ہلاک، 3.5 ارب ڈالر کا نقصان

مانیٹرنگ ڈیسک / اے پی پی  بدھ 22 مئ 2013
 امریکی ریاست اوکلاہاما میں طوفان کے باعث تباہ ہونے والے میڈیکل سینٹر کی عمارت اورباہر کھڑی ہوئی گاڑیوں کا ملبہ بکھرا ہوانظرآرہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

امریکی ریاست اوکلاہاما میں طوفان کے باعث تباہ ہونے والے میڈیکل سینٹر کی عمارت اورباہر کھڑی ہوئی گاڑیوں کا ملبہ بکھرا ہوانظرآرہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

واشنگٹن / اسلام آباد: امریکی ریاست اوکلاہاما میں طوفان نے تباہی مچا دی جس کے دوران 100 افرادہلاک اور200سے زائدزخمی ہوگئے۔

طوفانی ہوائوں نے کئی عمارتوں کی چھتیں اکھاڑ دیں اور سیکڑوں گاڑیاں بھی پلٹ کررکھ دیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی ریاست اوکلاہاما میں200 میل فی گھنٹے کی رفتارسے چلنے والی تیزہواؤں کے بگولے کی چوڑائی تقریباً ایک میل تھی جوریاست اوکلاہوما سے ٹکراگیا ، طوفان نے راستے میںآنے والی ہرچیزکوپلٹ کررکھ دیا۔ طوفان کے نتیجے میں91 افرادکے ہلاک اور200 سے زائدافرادکے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔ طوفان کے راستے میںدو اسکول بھی آئے جن کے ملبے سے کئی بچوںکوزندہ نکال لیا گیا ہے اور 24 بچوں کے ملبے تلے دبنے کاخدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

طوفان سے گیس کی پائپ لائنیں بھی پھٹ گئیں جسکی وجہ سے کئی مقامات پرآگ لگ گئی ہے۔ ریسکیو اہلکار ملبے میں پھنسے افرادکی تلاش کر رہے ہیں اور نیشنل گارڈز کو بھی امدادی کارروائیوں میں مدد فراہم کرنے کیلئے کہاگیا ہے۔علاقے میں ایمرجنسی بھی نافذکردی گئی ہے۔ ایک برطانوی خبررساںادارے نے امریکی میڈیاکے حوالے سے بتایاہے کہ اس طوفان کے نتیجے میںساڑھے تین ارب ڈالرکانقصان ہواہے۔ادھرپاکستان کے دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق حکومت پاکستان نے اپنی اورپاکستانی عوام کی طرف سے امریکی ریاست اوکلاہاما میں سمندری طوفان سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔