محکمہ ڈاک کراچی میں بھی سیم ڈے ڈلیوری شروع کرے گا

حسیب حنیف  بدھ 12 ستمبر 2018
20کلو تک سامان بھجوایا،آدھا کلو پر چارجز150،اوپر کے ہر500گرام پر 50روپے ہونگے۔ فوٹو: فائل

20کلو تک سامان بھجوایا،آدھا کلو پر چارجز150،اوپر کے ہر500گرام پر 50روپے ہونگے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان پوسٹ نے کراچی میں بھی صارفین کی سہولت کے لیے ایک ہی روز میں سامان کی ترسیل کی سروس (سیم ڈے ڈلیوری سروس) شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے لیے پاکستان پوسٹ کی جانب سے آئندہ ہفتے کراچی میں اجلاس بلا لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان پوسٹ کی جانب سے راولپنڈی اسلام آباد، پشاور اور لاہور کے بعد اب سیم ڈے ڈلیوری سروس کا دائرہ کار کراچی تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے لیے پاکستان پوسٹ نے کراچی میں ایک اجلاس بلا لیا ہے۔ اس اجلاس میں کراچی میں سیم ڈے ڈلیوری سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران راولپنڈی سے پاکستان پوسٹ نے اس سروس کا دائرہ کار لاہور اور پشاور تک وسیع کیا ہے جبکہ اب اس سروس کو کراچی تک وسعت دی جائے گی۔

سیم ڈے ڈلیوری سروس کے تحت پاکستان پوسٹ کے صارفین فوری نوعیت کے 20 کلو گرام تک کے سامان کو ایک ہی روز میں اندرون شہر بھجوانے کی سہولت سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔ سیم ڈے ڈلیوری سروس کے تحت آدھا کلو کے آ رٹیکل کی ترسیل کے چارجز 150روپے جبکہ اس سے اوپر ہر 500گرام پر 50روپے چارجز بڑھیں گے جبکہ سیم ڈے ڈلیوری کی اس سروس کے تحت پاکستان پوسٹ کے صارفین کو ڈلیوری کی معلومات ایس ایم ایس میسج کے ذریعے فراہم کی جائیں گی تاکہ صارف کو سامان کی ڈلیوری سے آگاہ کیا جا سکے۔

اس وقت تک پاکستان پوسٹ کی جانب سے راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور لاہور شہر میں سیم ڈے ڈلیوری سروس فراہم کی جا رہی ہے جس کے تحت روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 400سے 500 آرٹیکلز کی بکنگ ہوتی اور پاکستان پوسٹ کو روزانہ کی بنیاد پر صرف راولپنڈی اسلام آباد سے 75ہزار روپے سے زائد ریونیوحاصل ہو رہاہے۔ اب پاکستان پوسٹ کی جانب سے اس سروس کو توسیع دیتے ہوئے کراچی تک بڑھانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے بعد مرحلہ وار یہ سروس ملتان اور کوئٹہ سمیت پاکستان کے مزید بڑے شہروں میں بھی شروع کی جائے گی۔

سیم ڈے ڈلیوری سروس پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں اضافے کے لیے انتہائی اہم سروس ہے جس کے باعث پاکستان پوسٹ اپنے ریونیو میں اضافہ کر سکتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان پوسٹ کی جانب سے پوسٹل سروسز کے ریونیومیں اضافے اور ادارے کو فروغ دینے کے لیے مختلف بینکوں اور اداروں کے ساتھ بھی معاہدے کیے جارہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔