اپٹما کا برآمدی صنعت کیلیے بجلی و گیس سستی کرنے کا مطالبہ

حسیب حنیف  اتوار 16 ستمبر 2018
بجلی کی قیمت 7روپے فی یونٹ اور گیس کی 600روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی جائے،وفدکی وزیراعظم کے مشیرعبدالرزاق دائود سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

بجلی کی قیمت 7روپے فی یونٹ اور گیس کی 600روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی جائے،وفدکی وزیراعظم کے مشیرعبدالرزاق دائود سے ملاقات۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے حکومت سے 5 سال کے لیے ایکسپورٹ انڈسٹری کو بجلی 7روپے یونٹ اور گیس کے نرخ 600روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسو سی ایشن (اپٹما) نے وزیر اعظم کے مشیر برائے ٹیکسٹائل انڈسٹری عبدالرزاق دائود سے ملاقات کر کے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی برآمدات بڑھانے کے لیے اپنے مطالبات ان کے سامنے رکھ دیے ہیں۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیرا عظم کے مشیر برائے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے ملاقات کے دوران بتایا گیا ہے کہ اس وقت خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بجلی اور گیس زیادہ نرخ پر مل رہی ہے جس کے باعث پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مقابلہ نہیں کر پا رہا۔ اس وقت ویت نام کی صنعت کو بجلی 7  سینٹ، انڈیا 7 چائنا 9جبکہ پاکستان کی صنعت کو بجلی 9.5 سینٹ میں دستیاب ہے۔ اسی طرح گیس کے نرخ بھی خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں زیادہ ہیں جس کے باعث پاکستان کی انڈسٹری بدحالی کا شکار ہو تی جا رہی ہے۔

اپٹما نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت آئندہ 5 سال کے لیے برآمدات پر مبنی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیے 7 روپے یونٹ کے کا نرخ مقرر کرے۔ جبکہ برآمدی صنعت کو 600 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو پر گیس کی فراہمی کی جائے۔

اس کے علاوہ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت کپاس اور پولیسٹر پر انڈسٹری کے لیے کسٹم ڈیوٹی اور سیلز ٹیکس ختم کرے، سیلز ٹیکس، انکم ٹیکس پالیسی اور پیکج سمیت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے تمام زیر التوا ریفنڈز کا اجرا کیا جائے۔ ڈیوٹی ڈرابیک اسکیم میں 5 سال کے لیے توسیع دی جائے۔

یاد رہے کہ اس وقت پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر کو شدید مشکلات کا سامناہے اور 2007کے بعد گیس کی قلت کے باعث 200سے زائد ٹیکسٹائل یونٹ بند کر دیے گئے تھے جس کی بحالی تاحال نہیںہو سکی جبکہ ٹیکسٹائل کی تنظیموں کی جانب سے ان پٹ کاسٹ زیادہ ہونے کو ملکی برآمدات میں کمی کا ایک بڑا سبب قرار دیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔