مقبوضہ کشمیر میں اغوا ہونے والے 4 پولیس اہلکاروں میں سے 3 کی لاشیں برآمد

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 ستمبر 2018
مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو علی الصبح  اُن کے گھروں سے اغوا کیا تھا۔ فوٹو : فائل

مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو علی الصبح اُن کے گھروں سے اغوا کیا تھا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں سے 4 پولیس اہلکاروں کو نامعلوم نقاب پوش افراد نے گھروں سے اغوا کر لیا جن میں سے 3 اہلکاروں کی لاشیں مل گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع شوپیاں کے ایک گاؤں میں 20 کے قریب نقاب پوش افراد نے  4 پولیس اہلکاروں کے گھروں پر دھاوا بول کر اہلکاروں کو اپنے ہمراہ لے گئے۔ اغوا ہونے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل اور اسپیشل پولیس آفیسرز شامل تھے۔

اغوا ہونے والے پولیس اہلکاروں میں سے 3 کی تشدد زدہ لاشیں رات گئے ایک نہر کے کنارے سے برآمد ہوئیں۔ قتل ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت نثار احمد دھوبی، فردوس احمد خان اور کلونت سنگھ  کے نام سے ہوئی ہے جب کہ ایک پولیس اہلکار تاج اللہ حسین لون کو چھوڑ دیا گیا۔ تاج اللہ نے رواں ماہ ہی محکمہ پولیس سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

دوسری جانب ضلع شوپیاں میں گھر گھر تلاشی کے دوران احتجاج کرنے والے مظاہرین پر بھارتی فوج اور پولیس نے لاٹھی چارج کیا، آنسو گیس کی شیلنگ کیں اور پیلٹ گن کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 7 کشمیری زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔