عالمی برادری ایران کو تنہا کردے، ڈونلڈ ٹرمپ

ویب ڈیسک  منگل 25 ستمبر 2018
ہمسائیوں کے حقوق کا احترام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، صدر ٹرمپ (فوٹو: فائل)

ہمسائیوں کے حقوق کا احترام کرنے پر یقین رکھتے ہیں، صدر ٹرمپ (فوٹو: فائل)

نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کو تنہا کردے جب کہ اسرائیل اور فلسطین کے مابین امن چاہتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایران کو تنہا کردے، ایرانی قوم کا غصہ جائز ہے کیونکہ ایرانی رہنما قومی وسائل ذاتی مفاد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔

ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ایرانی حکومت خطے میں افراتفری پھیلانے، تباہی اور موت کی صورتحال پیدا کرنے میں لگی ہوئی ہے، ایسی صورتحال میں تمام ممالک سے کہتا ہوں کہ وہ ایرانی حکومت کو تنہا کردیں اور ایران پر مزید پابندیاں لگائی جائیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ معاملات مذاکرات سے حل کیے، شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کے تجربات کم کیے اور امریکی مغوی بھی رہا کر دئیے ہیں ان اقدامات پر شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بہادری کو سراہتا ہوں تاہم جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے تک شمالی کوریا پر پابندیاں برقرار رہیں گی۔

امریکا چین تجارتی جنگ کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ کسی ملک کو امریکی معیشت کا فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے، چین کے ساتھ تجارتی معاملات میں امریکی مفادات کو ترجیح دیں گے۔

فلسطین کے معاملے پر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے مابین امن چاہتے ہیں اسی مقصد کے لیےامریکی سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیا۔

جنگ سے تباہ حال شام پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اسد حکومت نے کیمیائی ہتھیار نصب کیے تو امریکا  کارروائی کرے گا، بشار الاسد کی جانب سے کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی معیشت ماضی کے برعکس تیزی سے ترقی کر رہی ہے، میرے صدارت سنبھالنے کے بعد امریکا مضبوط اور محفوظ ہوا ہے ہم نے امریکیوں کیلیے ملازمتوں  میں اضافہ کیا ہے، ہم امریکا کو سب سے مضبوط اور محفوظ ملک بنانا چاہتے ہیں جب کہ ہماری قوم دیگر اقوام کے حقوق کا خیال رکھتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔