ڈی ایل ایس میں ’’تبدیلی‘‘ آگئی نیا ورژن متعارف

آخری اوورز میں ماردھاڑ کے مدنظر نئے اہداف مقرر کرنے کے فارمولے تبدیل۔


Sports Desk September 30, 2018
آخری اوورز میں ماردھاڑ کے مدنظر نئے اہداف مقرر کرنے کے فارمولے تبدیل۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی نے بارش زدہ میچز کیلیے حساب کتاب کے نئے پیمانے مقررکردیے، ڈی ایل ایس میں بھی ''تبدیلی'' آگئی جب کہ نیا نظرثانی شدہ ورژن متعارف کرا دیا گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ڈک ورتھ لوئس (ڈی ایل ایس) سسٹم کا نیا ورژن متعارف کرا دیا ہے،اس کا نفاذ اتوار سے ہوگا جب کمبرلی میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان پہلا ون ڈے کھیلا جائے گا۔

یہ ڈی ایس ایل کا تیسرا ورژن اور دوسری اپ ڈیٹ ہے جس کو خاص طور گزشتہ 4 برس کے دوران کھیلی جانے والی ون ڈے کرکٹ کے بال بائے بال تجزیے، اسکورنگ پیٹرن، پاورپلیز اور دیگر چیزوں کے مشاہدے کے بعد تیار کیا گیا ہے۔

نیا سسٹم دراصل 700 ون ڈے انٹرنیشنل، 428 ٹوئنٹی 20 اور 2 لاکھ 40 ہزار انفرادی ڈلیوریز کے مکمل تجزے کے بعد تیار کیا گیا،اس تجزیہ سے یہ معلوم ہواکہ ٹیمیں اب اسکور میں تیزی لارہی ہیں، ایوریج میں کافی اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر اختتامی اوورز میں ٹیمیں زیادہ تیزی سے کھیلتی ہیں، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا ورژن تیار کیا گیا ہے، اس میں ون ڈے میچز کے دوران آخری 20 اوورز اور ٹی 20 مقابلوں کا بھی تفصیلی تجزیہ کیا گیا، جس سے یہ بات ثابت ہوگئی کہ کھیل کے آخری اوورز میں مقابلے میں کافی تیزی دکھائی دیتی ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے اس بات کی بھی تصدیق کردی گئی کہ ڈی ایل ایس کا ایک ہی ورژن کھیلنے کے تینوں فارمیٹس یعنی ٹوئنٹی 20، ون ڈے اور ٹیسٹ سب پر لاگو ہوگا۔

 

مقبول خبریں