سی این جی گیس کی قیمت میں اضافہ

کراچی میں فی کلو 22 روپے جب کہ لاہور میں 15سے 22 روپے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے


Editorial October 08, 2018
کراچی میں فی کلو 22 روپے جب کہ لاہور میں 15سے 22 روپے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: پی ٹی آئی کی حکومت نے اقتدار میں آنے سے پہلے جو وعدے کیے تھے ان میں بجلی، گیس اور پٹرول وغیرہ کی قیمتیں نہ بڑھانے کا عندیہ بھی دیا گیا تھا کیونکہ اس طرح تمام کی تمام اشیا کی قیمتیں خود بخود بڑھ جاتی ہیں بالخصوص ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کی وجہ سے الف سے ی تک ہر ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔ گیس ٹیرف میں اضافے کے بعد پمپ مالکان نے سی این جی 22 روپے مہنگی کر دی جب کہ اضافے کے بعد سی این جی کی فی کلو قیمت 109 روپے ہو گئی، سی این جی کی مہنگائی کے باعث 90 فیصد صارفین گیس چھوڑ کر پٹرول پر منتقل ہو رہے ہیں، گیس کی قیمت میں اضافے کا جواز اس بنا پر بھی ناقابل فہم ہوتا ہے کیونکہ گیس ہماری اپنی قومی پیداوار تصور ہوتی ہے۔

سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں قیمت بڑھنے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ کراچی میں فی کلو 22 روپے جب کہ لاہور میں 15سے 22 روپے اضافہ کا فیصلہ کیا گیا ہے، سندھ میں 80 روپے سے بڑھ کر ایک سو چار روپے قیمت ہونے کے بعد گیس پٹرول سے بھی زیادہ مہنگی ہو گئی ہے۔ ادھر پشاور میں سی این جی کی قیمت بارہ روپے فی کلو اضافے کے بعد اس کی قیمت 109 روپے ہو گئی۔ اس صورت حال کا پہلا نتیجہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہو گا' عام طور پر رکشہ اور ٹیکسی وغیرہ سی این جی پر ہی چلتے ہیں' حکومت کو اس پہلو پر بھی غور کرنا چاہیے اور سی این جی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

مقبول خبریں