کیمبرج امتحانی بورڈ نے محکمہ تعلیم کی حیثیت نظرانداز کردی

اولیول کے پرچے دوبارہ نہ لینے کے صوبائی محکمہ تعلیم کے خط کاجواب ہی نہیں دیاگیا


Safdar Rizvi June 10, 2013
اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلے ہوچکے،اولیول کا امتحان دوبارہ لیں گے،عظمیٰ یوسف. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: برطانوی ادارے برٹش کونسل اور کیمبرج امتحانی بورڈ نے محکمہ تعلیم سندھ کی سرکاری حیثیت کو نظر انداز کردیا۔

کراچی میں رجسٹریشن کے بغیرچلنے والے نجی اسکولوں کو الحاق دینے جبکہ ''اولیول'' کے2 پرچے دوبارہ نہ لینے کے صوبائی محکمہ تعلیم کے خط جواب دیا گیا ہے اورنہ ہی ان حوالوں سے محکمہ تعلیم کے تحفظات پرکسی قسم کی کوئی کارروائی کی گئی بلکہ صوبائی محکمہ تعلیم کے تحفظات کے باوجود کیمبرج امتحانی بورڈ اولیول کے 2 پرچوں کے امتحان لینے کے فیصلے پرقائم ہے جبکہ کراچی کے نجی اسکولوں کو محکمہ تعلیم کی رجسٹریشن کے بغیرالحاق دیے جانے کاسلسلہ بھی جاری ہے جس سے پاکستان کے مختلف شہروں میں کام کرنے والے برطانوی اداروں برٹش کونسل اورکیمرج امتحانی بورڈ کی جانب سے ملکی سرکاری اداروں کی رٹ چیلنج کرنے کی واضح مثال سامنے آئی ہے ''ایکسپریس''نے کیمرج امتحانی بورڈ کی پاکستان میں نمائندہ عظمیٰ یوسف سے رابطہ کیا توان کا کہنا تھاکہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مطالعہ پاکستان اوراسلامیات کے پرچے دوبارہ لینے کے فیصلے کی توثیق کی گئی ہے اورشیڈول کے مطابق یہ امتحانات 13اور 14جون کوہوں گے۔



نمائندے کے مزید ااستفسار پر کیمبرج بورڈکی نمائندہ کاکہنا تھاکہ وہ اتوارکوچھٹی کے دن مزیدسوالات کے جواب نہیں دیں گی اورادارے سے ای میل کے ذریعے رابطہ کیاجائے،واضح رہے کہ کراچی میں کیمبرج امتحانی بورڈ کی جانب سے بغیر رجسٹریشن کے چلنے والے نجی اسکولوں کوالحاق دینے اوربرٹش کونسل کی جانب سے ان اسکولوں کے امتحانات لینے کاسلسلہ جاری ہے جس کے سبب محکمہ تعلیم سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود ان اسکولوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے قاصر ہے ،واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزسندھ کی جانب سے دونوں معاملات پربرٹش کونسل کوکئی خطوط تحریری کیے جاچکے ہیں ڈائریکٹوریٹ کے افسران کی جانب سے برٹش کونسل اور کیمبرج امتحانی بورڈ کے نمائندوں سے بات کرنے کی کوشش کی گئی تو مذکورہ اداروں محکمہ تعلیم کی سرکاری حیثیت کو نظراندازکرتے ہوئے کوئی جواب نہیں دیا۔

مقبول خبریں