فوج سے متعلق متنازع بیان پر نہال ہاشمی کے خلاف مقدمہ کیلئے درخواست دائر

ویب ڈیسک / محمد ہارون  ہفتہ 20 اکتوبر 2018
نہال ہاشمی کی گفتگو سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی، درخواست فوٹو:فائل

نہال ہاشمی کی گفتگو سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی، درخواست فوٹو:فائل

 لاہور: پاک فوج سے متعلق متنازع بیان پر شہری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے درخواست دائر کردی۔

لاہور میں نہال ہاشمی کے خلاف اندراج مقدمہ کے لیے تجمل حسین گوندل ایڈوکیٹ نے تھانہ سول لائن میں  درخواست دائر کی ہے، جس میں کہا گیا کہ نہال ہاشمی توہین عدالت کیس میں سزا یافتہ ہیں، انہوں نے پاک فوج کے خلاف بیان دے کر ادارے کی تذلیل کی ہے، ان کی گفتگو سے ہر پاکستانی کی دل آزاری ہوئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نہال ہاشمی توہین عدالت پر 5 سال کیلئے نااہل، ایک ماہ قید

درخواست میں مزید کہا گیا کہ نہال ہاشمی غیر ملکی ایجنڈے پرکام کررہے ہیں، ان کے بیان سے عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی اس لیے ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے۔

علاوہ ازیں پیمرا نے نہال ہاشمی کا بیان نشر کرنے والے چینلز کو شوکاز نوٹس بھی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف قابل اعتراض زبان استعمال کرنے والے شخص کو جگہ کیوں دی گئی۔

واضح رہے کہ نہال ہاشمی نے گزشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فوج کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔ جبکہ اس سے قبل وہ توہین عدالت کے جرم میں نااہلی اور قید کی سزائیں بھی بھگت چکے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔