سعودی عرب خاشقجی کی لاش ٹھکانے لگانے والے کی معلومات دے طیب اردگان

سعودی عرب صحافی کے قتل میں ملوث گرفتار افراد سے سچ نہیں اگلواسکتا تو انہیں ہمارے حوالے کردے، ترک صدر


ویب ڈیسک October 26, 2018
ترک صدر اپنی جماعت کے ارکان سے خطاب کر رہے تھے۔ فوٹو : فائل

ترک صدر طیب اردگان نے ایک بار پھر سعودی عرب سے صحافی جمال خاشقجی کے قاتل کا نام بتانے کا مطالبہ کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردگان نے اپنی جماعت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ مقتول صحافی جمال خاشقجی کی لاش ٹھکانے لگانے والے مقامی شخص کی شناخت بتائی جائے اور لاش ترکی حکام کے حوالے کی جائے۔

ترک صدر طیب اردگان نے مزید کہا کہ سعودی عرب نے اپنے 18 شہریوں کو صحافی کے قتل کے الزام میں حراست میں لیا تھا چنانچہ اب بتایا جائے کہ اُن میں سے کس نے صحافی کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا اور ایسا کرنے کا حکم دینے والے شخص کا نام بھی بتایا جائے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : سعودی صحافی کا سازش کے تحت قتل

ترک صدر نے کہا کہ صحافی کے قتل کو حادثہ قرار دینے کا سعودی بیان بچکانہ تھا جو کسی بڑی سلطنت کا سنجیدہ موقف نہیں ہوسکتا۔ اگر سعودی عرب 18 گرفتار افراد سے سچ نہیں اگلواسکتا تو انہیں ترکی کے حوالے کردے۔ ہم خود ان سےقاتل اور لاش کی نشاندہی کروالیں گے۔ قاتل سمیت قتل کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی استنبول میں ہی کی جائے گی اور ترکی کے قوانین کے تحت ہی سزائیں بھی دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ترک صدر نے اپنے پہلے خطاب میں بھی صحافی کے قتل کا ذمہ دار ریاض سے آنے والے 15 افراد اور استنبول کے سعودی قونصل خانے کے 3 اہلکاروں کو قرار دیتے ہوئے لاش کی نشاندہی کا مطالبہ کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں