چین نے روس کا ’الیکٹرک کار کنگ‘ بننے کا خواب چکنا چور کردیا

امریکا کی لیڈنگ آٹو میکر کمپنی ٹیسلا چین میں پلانٹ لگا کر سالانہ 5 لاکھ الیکٹرک کار تیار کرے گی


ویب ڈیسک October 30, 2018
امریکی کمپنی چین میں پلانٹ لگا کر سالانہ 5 لاکھ الیکٹرک کاریں بنائے گی (فوٹو : فائل)

روس کی الیکٹرک کار انڈسٹری میں غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کو چین نے ناکام بنا دیا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق الیکٹرک کار کی تیاری کی دوڑ میں چین نے روس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ الیکٹرک کار کی صرف بیٹری بنانے والا چین سرمایہ کاروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے میں کامیاب ہو گیا، چین میں الیکٹرک کار کی بڑھتی ہوئی مانگ اور الیکٹرک کار کے مینو فیکچررز کو دی جانے والی سہولیات نے سرمایہ کاروں کو روس سے اپنے پلانٹ چین میں منتقل کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

دنیا بھر میں الیکٹرک کار میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریز کی دو تہائی بیٹریز چین مہیا کرتا ہے، کار پلانٹ چین میں لگنے سے بیٹریز کی درآمد میں خرچ ہونے والے اخراجات میں 40 فیصد کمی آئے گی، یہی وجہ تاجروں کو چین لے آئی۔

دوسری جانب چین نے صرف گزشتہ برس 12 بلین ڈالر کی خطیر رقم الیکٹرک کار انڈسٹری میں صرف کی، امریکا کی ٹیسلا کمپنی شنگھائی میں پلانٹ لگا کر امریکا کے مقابلے میں چین میں سالانہ 5 لاکھ الیکٹرک کار تیار کرے گی۔

ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ روس الیکٹرک کار کی صنعت میں اجارہ داری کا خواب دیکھتا ہی رہ گیا جب کہ چین نے عملی اقدامات کر کے سرمایہ کاروں کو اپنے سابق رفیق ماسکو کو چھوڑ کر شنگھائی کو مسکن بنانے پر مجبور کردیا ہے۔

مقبول خبریں