ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی 20 گرین شرٹس پہلے ہی مرحلے میں ہمت ہارگئیں

نیوزی لینڈ کیخلاف54 رنز کی شکست کے ساتھ مایوس کن سفر کا اختتام


Sports Desk November 17, 2018
بھارت نے 2010 کے بعد پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنالی،آئرلینڈ ناکام۔ فوٹو:فائل

آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹوئنٹی20 میںگرین شرٹس پہلے ہی مرحلے میں ہمت ہار گئیں۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، کیویز نے6 وکٹ پر144 رنز اسکورکیے، سوزی بیٹس35 اور سوفی ڈیوائن32 رنز بناکر نمایاں رہیں، کیٹی مارٹن (29) اور ایمی سیٹرویتھ (26)کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے37 رنز کی شراکت بنی، ثنامیر اور عالیہ ریاض نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

کیوی ٹیم کی آخری چار وکٹیں8 بالز میں 13 رنزکے اضافے سے گریں،جویریہ خان نے 23 بالز پر 36 رنز اسکور کیے، البتہ انھیں دوسرے اینڈ سے خاطرخواہ سپورٹ نہیں مل پائی، عالیہ ریاض(12) اور ندا ڈار(11) انفرادی اسکور کودہرے ہندسے میں پہنچانے والی دیگر بیٹسویمنز ثابت ہوئیں،اسپنرز جیس ویٹکن اور امیلیا کیر نے 6 وکٹیں باہم تقسیم کیں، پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 90رنز پر ڈھیر ہوئی۔

دوسرے میچ میں بھارت نے آئرلینڈ کو 52رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی، ٹیم 2010 کے بعد پہلی بار اس مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی، بلو شرٹس نے6وکٹ پر145رنز بنائے، متھالی راج نے لگاتار دوسری ففٹی (51) بنائی، سمرتی مندھانا33رنز بناکر نمایاں رہیں، کم گارتھ نے2 وکٹیں حاصل کیں۔

آئرش ٹیم جوابی اننگز میں 8 وکٹ پر 93رنز تک محدود رہی، ایسابول جوائس33 اور کلیر شیلنگٹن23رنز بنانے میں کامیاب رہیں، رادھا یادیو نے3اور دیپتی شرما نے2پلیئرز کو آؤٹ کیا۔

مقبول خبریں