اوپننگ جوڑی کا مسئلہ ایک بار پھر سراٹھانے لگا

2سال بعد کم بیک کرنے والے محمد حفیظ کا بیٹ ایک سنچری بناتے ہی خاموش


Abbas Raza November 25, 2018
سازگارکنڈیشنز میں بھی امام الحق کی کارکردگی میں تسلسل نظر نہیں آیا۔ فوٹو: فائل

قومی ٹیسٹ ٹیم کی اوپننگ جوڑی کا مسئلہ ایک بار پھر سراٹھانے لگا۔

محمد حفیظ کی گزشتہ ماہ 2سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی ہوئی،انھوں نے پہلی ہی اننگز میں آسٹریلیا کیخلاف 126رنز بنائے لیکن پھر ان کا بیٹ خاموش ہوگیا، دوسری باری میں وہ17پر وکٹ گنوا بیٹھے،کینگروز سے دوسرے ٹیسٹ میں انھوں نے ایک اننگز میں4،دوسری میں6پر وکٹ گنوا دی،نیوزی لینڈ کیخلاف ابوظبی ٹیسٹ میں محمد حفیظ 20اور 10رنز بنا پائے۔

دوسرے ٹیسٹ میں ان کی اننگز9 رنز تک محدود رہی،سنچری کے بعد6اننگز میں انھوں نے 66 رنز بنائے ہیں۔دوسری طرف ناتجربہ کار امام الحق کیریئر کا چھٹا ٹیسٹ کھیل رہے ہیں،اوپنر نے آئرلینڈ کیخلاف ڈیبیوکیا، پہلی اننگز میں7رنز بنائے، دوسری میں 74پر ناٹ آؤٹ رہے،لارڈز اور لیڈز میں انگلینڈ کیخلاف 2 ٹیسٹ کی 4اننگز میں مجموعی طور پر 56رنز بنائے۔

گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے میچ میں انھوں نے 76اور 48رنز اسکور کیے، امام الحق کے زخمی ہونے کی وجہ سے دوسرے ٹیسٹ میں فخرزمان کو آزمایا گیا جنھوں نے فتح گر اننگز کھیلیں، امام الحق واپس آئے تو نیوزی لینڈ سے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 6 اور 27 رنز تک محدود رہے۔

گزشتہ روز 9پر وکٹ گنوا دی، محمد حفیظ اور امام الحق کے درمیان سب سے بڑی اوپننگ شراکت آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں رہی جب دونوں نے 205 رنزجوڑے،بعدکی اننگز میں بالترتیب37، 27، 40 اور گزشتہ روز 18کا آغاز ہی فراہم کرسکے، ڈیل اسٹین کی بولنگ پر محمد حفیظ کی کمزوریاں کرکٹ شائقین ابھی تک نہیں بھلا سکے،کاگیسو ربادا بھی تیز اور باؤنسی وکٹوں پر مہلک ہتھیار ثابت ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق دورئہ جنوبی افریقہ میں ناتجربہ کار امام الحق کے ساتھ محمد حفیظ کی اوپننگ جوڑی سے اچھے آغاز کی توقعات وابستہ نہیں کی جا سکتیں۔

 

مقبول خبریں