پیپلز پارٹی کی محبت عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا اویس مظفر

تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی، گھارو پہنچے پر پی پی رہنما کا پر تپاک استقبال، حلقے کا دورہ


Nama Nigar July 02, 2013
اویس مظفر کا کہنا تھا کہ پورا ضلع ٹھٹھہ ان کا حلقہ ہے اور یہاں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے. فوٹو: فائل

صدر مملکت آصف علی زرداری کے رضاعی بھائی و پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اویس مظفر نے اپنے حلقے کا دورہ کیا۔

گھارو پہنچنے پر کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پُرجوش نعرے لگائے جہاں سے انہیں جلوس کی صورت میں گاڑھو لایا گیا۔ یہاں انھوں نے پیپلز پارٹی کے دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کھلی کچہری میں عوام کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ اویس مظفر کا کہنا تھا کہ پورا ضلع ٹھٹھہ ان کا حلقہ ہے اور یہاں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ پی پی عوامی پارٹی ہے جس کی محبت کوئی بھی عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتا۔



انھوں نے ضلعی انتظامیہ کو تنبیہہ کی کہ عوام کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں، اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ بعد ازاں انھوں نے گزشتہ دنوں راشن کی تقسیم کے دوران مبینہ پولیس تشدد سے جاں بحق 2خواتین کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

انھوں نے لواحقین کو ایک، ایک لاکھ روپے کے امدادی چیک بھی دیے اور یقین دلایا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انھوں نے موقع پر ہی ڈی سی ٹھٹھہ اور ایس ایس پی کو واقعہ کی تحقیقات کر کے ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کا حکم دیا، جس پر ڈی سی ٹھٹھہ نے تپیدار جبکہ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے ایس ایچ او جھنگیسر کو فوری طور پر معطل کر دیا۔ پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹھہ کے رہنما صادق میمن، امتیاز قریشی، ایم پی اے محمد علی ملکانی، ریحانہ لغاری، واحد سومرو اور ڈاکٹر شفقت سومرو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مقبول خبریں