ناکامی کے باوجود ’’زیرو‘‘سب سے زیادہ آمدنی والی 10فلموں میں شامل

ویب ڈیسک  جمعـء 11 جنوری 2019
باکس آفس انڈیا کی رپورٹ کے مطابق’’زیرو‘‘بیرون ممالک اچھا بزنس کررہی ہے  فوٹوفائل

باکس آفس انڈیا کی رپورٹ کے مطابق’’زیرو‘‘بیرون ممالک اچھا بزنس کررہی ہے فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم’’زیرو‘‘باکس آفس پر ناکامی کے باوجود دنیا بھر میں سب سے زیادہ آمدنی والی 10 فلموں میں شامل ہوگئی۔

’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کی ناکامی کے بعد بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کو فلم’‘زیرو‘‘ سے بہت زیادہ امیدیں وابستہ تھیں۔ کنگ خان نے اپنی فلم کی بھرپور انداز میں تشہیر بھی کی لیکن فلم تجزیہ نگاروں اورشائقین کے معیار پر پوری نہ اتر سکی اور ریلیز کے ایک ہفتے بعد بھی 100 کروڑ کلب میں داخل نہ ہوسکی اور ناکام ہوگئی۔

تاہم باکس آفس پر ناکامی کے باوجود ’’زیرو‘‘2018 کی دنیا بھر میں سب سے زیادہ آمدنی والی 10 فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔ باکس آفس انڈیا کی رپورٹ کے مطابق’’زیرو‘‘بیرون ممالک اچھا بزنس کررہی ہے اور اب تک دنیا بھر سے 100 کروڑ 78لاکھ روپے کماچکی ہے۔

فلم’’سنجو‘‘دنیا بھر سے 5 سو کروڑ 78 لاکھ روپے کماکر 2018 کی سب سے زیادہ آمدنی والی فلم بن گئی ہے۔ دوسرے نمبر پر جس فلم نے دنیا بھر میں سب سےزیادہ کمائی کی وہ دپیکا پڈوکون کی فلم’’پدماوت‘‘ہے جس نے مجموعی طور پر 5 سو کروڑ 46 لاکھ کمائے۔ رنویر سنگھ کی فلم’’سمبا‘‘ 3 سو کروڑ 10لاکھ کے ساتھ تیسرے نمبر پررہی۔

چوتھے نمبر پر سلمان خان کی ’’ریس3‘‘ تین سوکروڑ 6 لاکھ، پانچویں نمبر پر اکشے کمار اوررجنی کانت کی ’’ٹوپوائنٹ زیرو‘‘2 سوکروڑ 69 لاکھ، چھٹے نمبر پر فلم’’باغی2‘‘دو سوکروڑ 49 لاکھ، ساتویں نمبر پر ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘دو سو کروڑ 47 لاکھ، آٹھویں نمبر پر ’’بدھائی ہو‘‘دو سو کروڑ 15 لاکھ، نویں نمبر پر ’’راضی‘‘100 کروڑ 92 لاکھ اوردسویں نمبر پر شاہ رخ خان کی فلم’’زیرو‘‘نے دنیا بھر سے مجموعی طور پر سو کروڑ 78 لاکھ کی کمائی کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔