ملکی حالات کی وجہ سے کوئی پاکستان آنے کو تیار نہیں سہیل خان

بھارت سے کیمرہ مین اورتکنیکی عملہ نہ آنے سے ’’شورشرابہ‘‘ پر کام شروع نہیں ہوسکا


Cultural Reporter July 21, 2013
کوپروڈکشن سے دم توڑتی سینما انڈسٹری کو سہارا ملا،فلم سازی میں عالمی معیاراپنانا ہوگا۔ فوٹو: فائل

ملکی حالات کی وجہ سے کوئی بھی پاکستان آنے کے لیے تیار نہیں، اسکرپٹ ، کاسٹنگ اور میوزک سمیت تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار فلمساز سہیل خان نے گذشتہ روز پرنٹ میڈیا کے شوبز صحافیوں کے اعزاز میں دیے جانے والے افطار ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سہیل خان نے کہا کہ میں نے مہیش بھٹ کے ساتھ پاک بھارت کو پروڈکشن کا آغازکیا۔ جس کے تحت کامیاب فلمیں کیں بنائیں جن میں پاکستان کا بہت سا ٹیلنٹ بھی متعارف کروایا جو اس وقت بالی وڈ میں اپنی الگ شناخت بنانے میں کامیاب رہا ہے ۔بعدازاں میں نے اپنے ذاتی پروڈکشن ''خوشی '' اور ''شورشرابہ'' بنانے کا فیصلہ کیا ، جس کے لیے بھارت سے صرف ڈائریکٹر اور تکنیکی معاونت حاصل کی جائے گی۔



انھوں نے کہا کہ ''شورشرابہ'' کے لیے میں نے فلم ''دبنگ'' کو اسسٹ کرنیوالے علی سے رابطہ کیا تو اس نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ۔ اس پر میں نے حسنین حیدر آبادی کو سائن کیا مگر اب کیمرہ مین سمیت دیگر تکنیکی عملہ بھی موجودہ ملکی صورتحال کی وجہ سے نہیں آرہے جس کی وجہ سے ہم پراجیکٹ شروع نہیں کرسکے ۔ انھوں نے کہا میں ایسا نہیں کرنا چاہتا کہ دس دن کی شوٹنگ ہو اور پھر کئی ماہ تک انتظار کرنا پڑے ۔ ہم ان پراجیکٹس کو ون اسپیل میں شوٹ کرنا چاہتے ہیں تاکہ بھارتی ڈائریکٹر اور دیگر عملہ دو سے تین ماہ کے لیے آئے اور اپنا کام مکمل کرکے چلا جائے ۔

انھوں نے کہا کہ ان دونوں پراجیکٹ کی ساری کاسٹ پاکستانی فنکاروں پر مشتمل ہے جب کہ فلم کا میوزک بھی مکمل طور پاکستان میں ہی بنایا اور ریکارڈ کیاگیا ہے ۔ فلم کی کاسٹ میں شامل تمام فنکاروں کو معاوضہ بھی ادا کیا جاچکاہے۔سہیل خان نے کہا کہ اسی کوپروڈکشن کی وجہ سے ہی پاکستان میں دم توڑتی سینما انڈسٹری کو سہارا ملا اور مزید کئی سنی پلیکس بنے جو خوش آئند ہے مگر اب ہمیں دوسروں کے کندھوں کاسہارا لینے کی بجائے فلم میکنگ میں بھی انٹرنیشنل معیار کو اپنانا ہوگا ۔

مقبول خبریں