ابتدائی ٹیسٹ؛ پجارا نے ٹیم میں واپسی کو سنچری سے یادگاربنالیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 24 اگست 2012
نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ کے پہلے دن سنچری کی تکمیل پر چتیشور مداحوں کی داد کا جواب دے رہے ہیں (فوٹو : ایکسپریس)

نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ کے پہلے دن سنچری کی تکمیل پر چتیشور مداحوں کی داد کا جواب دے رہے ہیں (فوٹو : ایکسپریس)

حیدرآباد / حیدرآباد دکن: حیدرآباد ٹیسٹ میں چتیشور پجارا پہلے ہی روز نیوزی لینڈ کے سامنے ڈٹ گئے، انھوں نے ناقابل شکست سنچری بناکر بھارت کا اسکور 5 وکٹوں پر 307 تک پہنچادیا، ویرت کوہلی نے 58 اور وریندرسہواگ نے 47 رنز بنائے، پجارا 119 اور مہندرا سنگھ دھونی 29 رنز پر کھیل رہے ہیں، ٹرینٹ بولٹ نے دو وکٹیں گرائیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے ابتدائی روز ہی 5 وکٹوں پر 307 رنزبنالیے ہیں، پہلا دن چتیشور پجارا کے نام رہا جنھوں نے تقریباً 20 ماہ کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کو یادگار بناتے ہوئے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرلی۔ بھارت نے ٹاس جیت کر اپنی ہوم کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلیے پہلے بیٹنگ کی ٹھانی مگر 49 رنز پر ہی اوپننگ شراکت ٹوٹ گئی، جب گوتم گمبھیر 22 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کا شکار بن گئے، انھوں نے باہر جاتی ہوئی گیند کو بغیر پائوں کا استعمال کیے تھرڈ مین کی جانب کھیلنا چاہا مگر وہ بیٹ کے کونے سے ٹکرا کر سیدھی وکٹ کیپر وان ویک کے گلوز میں چلی گئی، سہواگ نے 47 رنز بنانے کے بعد بریسویل کی شارٹ پچ بال کو وکٹوں کے عقب میں اچھالنے کی کوشش کے دوران سیکنڈ سلپ میں موجود گپٹل کو کیچنگ پریکٹس کراڈالی۔

125 کے مجموعے پر ٹرینٹ بولٹ نے سچن ٹنڈولکر کی مڈل وکٹ ہی اکھاڑ پھینکی، وہ 19 رنز پر حیرانی سے سرہلاتے ہوئے پویلین لوٹے، ویرت کوہلی کو 58 رنز پر گپٹل نے مارٹن کی گیند پر کیچ کیا جبکہ 260 پر گرنے والی پانچویں وکٹ سریش رائنا (3) کی تھی جوکہ جیتن پٹیل کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے۔جب پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو پجارا 119 اور دھونی 29 رنز پر کھیل رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔