اے بی ڈی ویلیئرز نے وسیم اکرم کو فیورٹ پاکستان کرکٹر قرار دیدیا

عباس رضا  بدھ 27 فروری 2019
شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی سے بھی بہت متاثر ہوں، کپتان لاہور قلندرز

شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی سے بھی بہت متاثر ہوں، کپتان لاہور قلندرز

 دبئی: جنوبی افریقی کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز کا کہنا ہے کہ پاکستان کو وسیم اکرم کی وجہ سے ایک سے بڑھ کر ایک لیفٹ آرم پیسر میسر آتا رہا ہے۔

پی ایس ایل میں شریک جنوبی افریقی کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سب سے پسندیدہ کرکٹر وسیم اکرم ہیں، گرین شرٹس کو ہمیشہ ایک سے بڑھ کر ایک لیفٹ آرم پیسر میسر آتا رہا ہے، اس کی بڑی وجہ وسیم اکرم ہیں جن کی کامیابیوں کو دیکھتے ہوئے بڑی تعداد میں بولرز سامنے آئے، پی ایس ایل میں بھی ان کی بڑی تعداد موجود ہے، میری ٹیم لاہور قلندرز میں شامل شاہین شاہ آفریدی بھی اس کی ایک مثال ہیں،  نوجوان پیسر کی کارکردگی سے بڑا متاثر ہوں، پی ایس ایل میں بولنگ کا معیار شاندار ہے، مجموعی طور پر بھی بہترین انداز میں منعقد کیا جانے والا مسابقتی ٹورنامنٹ ہے۔

ایک سوال پر ڈی ویلیئرز  نے کہا کہ لاہور میں کرکٹ کھیلنے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کرنے پر خوش ہوں، وہاں بہترین کرکٹ کھیلتے ہوئے شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں فائٹنگ اسپرٹ ہمیشہ متاثر کرتی ہے، کھلاڑی آسانی سے ہار ماننے کو تیار نہیں ہوتے ہیں۔

گرین شرٹس کے غیر متوقع کارکردگی کے لئے مشہور ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ آج کی کرکٹ میں کسی ٹیم کے بارے میں بھی یقینی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا، کوئی بھی ہمیشہ جیت نہیں سکتا، کبھی کامیابی تو کبھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔