ایمرجنسی پلان تشکیل دیدیا گیا عید پر20 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی دینگے

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر دہشت گردی کے واقعات رونما ہونے کی خفیہ رپورٹ دی گئی ہے۔


Staff Reporter August 08, 2013
عیدالفطر کے موقع پر پولیس کی مدد کیلیے رینجرز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کی بھی بھاری نفری حفاظتی ڈیوٹی اور شہر کے حساس علاقوں میں گشت کو بھی بڑھایا جائے گا۔ فوٹو: فائل

عیدالفطر پر پولیس کی جانب سے ایمرجنسی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی، کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کو ناکام بنانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے پولیس کے20ہزار سے زائد افسران و اہلکار حفاظتی ڈیوٹیاں انجام دیں گے۔

جبکہ رینجرز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کی نفری بھی خدمات انجام دیں گی، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو قبل از وقت ناکام بنانے کیلیے سادہ لباس پولیس افسران و اہلکاروں کو حساس سمیت دیگر مقامات پر تعینات کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر دہشت گردی کے واقعات رونما ہونے کی خفیہ رپورٹ دی گئی ہے جس کے بعد پولیس کو چوکس اور ان کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، شہر میں پے در پے بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے تناظر میں آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ کی ہدایت پر کراچی پولیس کے سربراہ غلام قادر تھیبو نے عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی ممکنہ دہشت گردی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے ایمرجنسی پلان کو حتمی شکل دیدی۔



جس کے تحت عیدالفطر کے موقع پر حساس علاقوں سمیت شہر بھر میں نماز عیدالفطر کے بڑے بڑے اجتماعات کے علاوہ مساجد، امام بارگاہوں، مدارس، تفریحی مقامات، بندر گاہ، ریلوے اسٹیشنز، بسوں کے اڈوں اور ایئر پورٹ کے ساتھ ساتھ سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں ، غیر ملکی فاسٹ فوڈ چینز اور قونصل خانوں کی حفاظت کیلیے20ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار حفاظتی ڈیوٹی انجام دیں گے، ایمرجنسی پلان کے مطابق سادہ لباس پولیس افسران و اہلکار کسی بھی غیر معمولی نقل و حرکت پر نہ صرف کڑی نگاہ رکھیں گے بلکہ اس کی اطلاع اعلیٰ افسران کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی فراہم کریں گے تاکہ کسی بھی غیر معمولی واقعے کو قبل از وقت ناکام بنا دیا جائے، پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی نماز عیدالفطر بڑے اجتماعات کی سوئپنگ کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

جبکہ سراغ رساں کتوں سے بھی مدد حاصل کی جائے گی، عیدالفطر کے موقع پر پولیس کی مدد کیلیے رینجرز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کی بھی بھاری نفری حفاظتی ڈیوٹی اور شہر کے حساس علاقوں میں گشت کو بھی بڑھایا جائے گا، عیدالفطر ایمرجنسی پلان کے مطابق پولیس کو حساس علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر کے دیگر علاقوں میں اسنیپ چیکنگ اور موبائل اور موٹر سائیکل پیٹرولنگ کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی نقل و حرکت یا مشتبہ گاڑی و موٹر سائیکل کو پکڑا جاسکے، پولیس کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلیے شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر بھی پولیس کی نفری اور سادہ لباس پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ شہر میں داخل ہونیوالی گاڑیوں کو مانیٹر کیا جائے، ایمرجنسی پلان کے مطابق نماز عیدالفطر کے اجتماعات، مساجد اور امام بارگاہوں کے ساتھ ساتھ دیگر اہم مقامات پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ مناسب فاصلے پر کرائی جائے اور کسی کو بھی ان مقامات کے قریب پارکنگ کی اجازت ہرگز نہ دی جائے۔

مقبول خبریں