ایشون کے مانکیڈ تنازع پر ایم سی سی نے یوٹرن لے لیا

اے ایف پی  جمعـء 29 مارچ 2019
آئی پی ایل میں بھارتی بولر نے جو کچھ کیا وہ گیم اسپرٹ کے منافی تھا،منیجر۔ فوٹو: فائل

آئی پی ایل میں بھارتی بولر نے جو کچھ کیا وہ گیم اسپرٹ کے منافی تھا،منیجر۔ فوٹو: فائل

 لندن: ایشون کے مانکیڈ تنازع پر ایم سی سی نے یوٹرن لے لیا اور کرکٹ قوانین کے سرپرست ادارے کے منیجر فریسر اسٹیورٹ نے کہاکہ آئی پی ایل میں بھارتی بولر نے جو کچھ کیا وہ گیم اسپرٹ کے منافی تھا۔

گزشتہ روز کرکٹ قوانین کے سرپرست ادارے ایم سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا تھا کہ مانکیڈ قانون کرکٹ کی اساس ہے،اس کے تحت نان اسٹرائیک پر موجود بیٹسمین کو قبل از وقت کریز چھوڑنے پر آؤٹ کرنا بھی گیم اسپرٹ کے خلاف نہیں تاہم ایک روز بعد ہی کلب کی جانب سے ایشون تنازع پر یوٹرن لے لیا گیا۔

یو اے ای میں برطانوی میڈیا سے بات چیت میں ایم سی سی کے منیجر برائے قوانین فریسر اسٹیورٹ نے کہاکہ ہم نے اپنے اصل اعلامیے پر نظر ثانی کی ہے، آئی پی ایل میں جو واقعہ پیش آیا اس کا ہم نے بغور جائزہ لیا اور تمام چیزوں کو مدنظر رکھنے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ ایشون کا عمل گیم اسپرٹ کے منافی تھا، ہم سمجھتے ہیں کہ بولر نے کریز پر پہنچنے کے بعد گیند ڈلیوری کرنے میں وقفہ لیا، جس وقت جوز بٹلر توقع کررہے تھے کہ گیند ڈلیور ہوگی وہ تب کریز کے اندر ہی تھے۔

اس کے ساتھ فریسر نے یہ بھی واضح کیا کہ کسی بھی نان اسٹرائیکر کیلیے قبل از وقت کریز چھوڑنا بھی ناجائز اور گیم اسپرٹ کے خلاف ہے،  اگر نان اسٹرائیکر اس وقت تک اپنی جگہ پر رہے جب تک گیند پچ کی طرف نہیں جاتی تو پھر اس بحث کی نوبت ہی نہ آئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔