عراق کے مختلف شہروں میں بم دھماکے اور فائرنگ 12 افراد ہلاک

پہلا دھماکا جنوبی علاقے میں الزہرہ حسینیہ میں نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد کیا گیا جس میں 4 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے


AFP August 13, 2013
پہلا دھماکا جنوبی علاقے میں الزہرہ حسینیہ میں نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد کیا گیا جس میں 4 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے فوٹو: اے ایف پی/ فائل

عراق کے مختلف شہروں میں بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات میں 12 افراد ہلاک ہو گئے۔

پہلا دھماکا بغداد کے جنوبی علاقے میں الزہرہ حسینیہ میں نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد کیا گیا جس میں 4 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے، دوسرا دھماکا عراق کے شمالی صوبے کرکوک میں گاڑی میں کیا گیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے، صلاح الدین صوبے میں دھماکے میں ایک فوجی اور 2 شہری ہلاک ہوئے جب کہ صوبہ نینوی میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے سابق فوجی اور ایک شہری کی جان لے لی۔

صوبہ نینوی میں ہی دہشت گردوں نے عراق سے ترکی جانے والی تیل کی پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے ترکی کو تیل کی سپلائی بند ہو گئی، حکام کے مطابق پائپ لائن کی مرمت میں تقریباً 3 دن لگ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بغداد کے شمال میں واقع علاقوں میں فٹ بال گراؤنڈ، مارکیٹ اور ایک کیفے کے باہر ہونے والے بم دھماکوں میں 28 افراد ہلاک ہوگئے تھے، عراق میں رواں سال شدت پسندی اور فرقہ ورانہ فسادات میں 3 ہزار 421 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مقبول خبریں