ورلڈ کپ کیلیے پاکستان ٹیم فیورٹ ہوگی، عمران نذیر

بولنگ، بیٹنگ بالخصوص فیلڈنگ میں حالیہ دنوں میں خاصی بہتری آئی ہے، قومی کرکٹر۔ فوٹو: فائل

بولنگ، بیٹنگ بالخصوص فیلڈنگ میں حالیہ دنوں میں خاصی بہتری آئی ہے، قومی کرکٹر۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  قومی کرکٹرعمران نذیر نے ورلڈ کپ کیلیے پاکستان ٹیم کو فیورٹ قرار دیدیا۔

عمران ںذیر کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم بڑی متوازن ہے، کچھ عرصہ سے ٹیم کی بولنگ، بیٹنگ بالخصوص فیلڈنگ میں بہت بہتری آئی ہے، کروڑوں شائقین کی طرح مجھے بھی اپنی ٹیم پر پورا بھروسہ ہے، امید کرتا ہوں کہ عالمی کپ کے دوران گرین شرٹس اپنی غیر معمولی کارکردگی سے ملک وقوم کا نام روشن کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

عمران نذیر کے مطابق بیماری کی وجہ سے چھ سال کے طویل عرصہ کے بعد کرکٹ میں دوبارہ واپسی ہوئی ہے، بھر پور فارم میں ہوں، سلیکٹرز نے جب بھی موقع دیا، اپنی کارکردگی سے قومی ٹیم کی فتوحات میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کروں گا۔

ایل سی سی اے گراؤنڈ میں ’’ایکسپریس‘‘ سے خصوصی بات چیت میں عمران نذیر نے کہا کہ بلاشبہ ورلڈ کپ بہت بڑا ایونٹ ہے، ہر ٹیم عالمی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا عزم لیے میدان میں اترے گی۔

عمران نذیر کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگ بلاوجہ پاکستانی ٹیم اور آفیشلز کیخلاف باتیں کرتے ہیں لیکن ہمیں تنقید کرنے کی بجائے ہمیشہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہیے، جب تک ٹیم کو قوم کی طرف سے بھرپور سپورٹ نہیں ملے گی، کھلاڑی اچھا پرفارم نہیں کر سکیں گے۔

ایک سوال پر عمران نذیر نے کہا کہ بیماری کی وجہ سے چھ سال کے طویل عرصہ کے بعد کرکٹ کے میدان میں دوبارہ آیا ہوں، عمران نذیر نے کہا کہ قومی ٹیم کا حصہ بننے کیلیے بھرپورمحنت کررہا ہوں، پریکٹس کے ساتھ خود کو سپر فٹ رکھنے کیلیے بھی مخصوص ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہوں۔ سلیکٹرز نے جب بھی موقع دیا، اپنی کارکردگی سے ٹیم کی فتوحات میں اپنا پورا حصہ ڈالتا رہوں گا۔

واضح رہے کہ عمران نذیر اب تک8 ٹیسٹ، 79 ایک روزہ اور25 ٹی 20 میچزمیں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔