دوکے بجائے ایک روٹی کھانے کے بیان پر مشتاق غنی سوشل میڈیا کے نشانے پر

مشتاق غنی خود اپنے بیوی بچوں کو بھوکا رکھیں اور دیکھیں کیسا محسوس ہوتا ہے، سوشل میڈیا صارفین


ویب ڈیسک April 07, 2019
مشتاق غنی خود اپنے بیوی بچوں کو بھوکا رکھیں اور دیکھیں کیسا محسوس ہوتاہے، سوشل میڈیا صارفین فوٹوفائل

اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کے حال ہی میں دئیے گئے بیان ''کہ عوام غربت کا خاتمہ کرنے کے لیے دو کے بجائے ایک روٹی کھائیں'' نے سوشل میڈیا پر آگ لگادی ہے اورصارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

حال ہی میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستان میں موجود غربت کے خاتمے کے لیے نیا فارمولا دیاہے۔ انہوں نے کہا ''حکمت اور دانشمندی سے ہمیں چلنا پڑے گا، کچھ عرصے کے لیے دوروٹیوں کے بجائے ایک روٹی پر اکتفا کرنا پڑے گا۔ لیکن مجھے یقین ہے اللہ وہ دن جلد ضرور لائے گا کہ بہت جلد آپ دو کے بجائے ڈھائی روٹیاں کھاسکیں گے۔'' سوشل میڈیا پر مشتاق غنی کے اس بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔



ضیا نامی صارف نے لکھا واہ کیا بات ہے مشتاق غنی خود اپنے گھر پر یہ تجربہ کیوں نہیں کرتے اپنے بیوی بچوں کو بھوکا رکھیں اور دیکھیں کیسا محسوس ہوتا ہے۔



خان نامی صارف نے مشتاق غنی کے اس بیان پر صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر کے پی اسمبلی کی جانب سے دیا گیا یہ بیان نہایت بیوقوفانہ ہے۔ جب کہ سابق ممبر پارلیمنٹ بشریٰ گوہر نے بھی مشتاق غنی کو آڑے ہاتھوں لیتے کہا ''مشتاق غنی خود کتنی روٹیاں کھاتے ہیں؟ کیا پختونخوا حکومت نے غربت ختم کرنے کے لیے ان کی تنخواہ میں کٹوتی کرنے کا اعلان کیا؟''



خوشال خان نامی صارف نے مشتاق غنی کے فارمولے کو شکل دیتے ہوئے لکھا

ایک روٹی - ایک روٹی = ایک دن میں ایک روٹی

دو روٹی + ایک روٹی= ایک دن میں تین روٹیاں

تین روٹیاں ایک دن میں اس کا مطلب ہے غربت کا خاتمہ۔ پاکستان تحریک انصاف کی معاشی پالیسی مشتاق غنی کے اس بیان کے بعد ختم ہوجاتی ہے۔



شہزاد یونس نامی صارف نے مشتاق غنی کے اس بیان پر طنز کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کے پاس زبردست ماہر معیشت ہیں جو اپنے ذہن میں معاشی نظریات ترتیب دے لیتے ہیں۔ ایک اور صارف نے مشتاق غنی کی تھیوری اور فارمولے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا مشتاق غنی کو اس بیان پر نوبل پرائز ملنا چاہئے۔ آخر لوگوں نےانہیں ووٹ دئیے ہی کیوں ہیں۔



https://twitter.com/paperplanes_10/status/1114068552632426496

زینیا نامی صارف نے کہا مشتاق غنی کے بیان کا یہ مطلب لیا جاسکتا ہے کہ دراصل غریب عوام زیادہ روٹیاں کھاتے ہیں اور یہی اصل مسئلہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسپیکر کے پی اسمبلی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا اپنا ڈائٹ پلان اپنے پاس رکھو اور پہلے خود اپنی مراعات کو دیکھو۔

https://twitter.com/xmahsud/status/1114149251951538176

پاشا نامی صارف نے لکھا لوگ یہاں غربت اور بھوک کے باعث خودکشیاں کررہے ہیں اور یہ لوگوں کو مشورے دے رہے ہیں کہ غربت سے باہر آنے کے لیے مزید بھوکے رہو۔



ذوالفقار احمد نامی صارف نے لکھا مشتاق غنی کو اس بیان پر چھترول پڑنی چاہئے۔

مقبول خبریں