جارج مونسی نے کاؤنٹی کرکٹ میں 25 بالز پر سنچری داغ دی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 23 اپريل 2019
گلوسٹرشائر کی سیکنڈ الیون کے بیٹسمین جارج مونسی کی فائل فوٹو، انھوں نے باتھ سی سی کیخلاف صرف 25 بالز پر سنچری جڑ دی۔ فوٹو: فائل

گلوسٹرشائر کی سیکنڈ الیون کے بیٹسمین جارج مونسی کی فائل فوٹو، انھوں نے باتھ سی سی کیخلاف صرف 25 بالز پر سنچری جڑ دی۔ فوٹو: فائل

 لندن: گلوسٹرشائر کی سیکنڈ الیون کے بیٹسمین جارج مونسی نے صرف 25 بالز پر سنچری جڑ دی۔

باتھ سی سی کے خلاف غیرآفیشل ٹوئنٹی 20 میچ میں انھوں نے ففٹی 17 بالز پر مکمل کی جبکہ اگلی 8 گیندوں پر وہ سنچری مکمل کرچکے تھے۔ مجموعی طور پر انھوں نے 39 بالز پر 147 رنز اسکور کیے۔

مونسی کے پارٹنر جی پی ولوز نے بھی 53 گیندوں پر سنچری مکمل کی مگر اصل شومونسی کے نام رہا، جنھوں نے بعد میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ٹام پرائس کے ہمراہ مجموعے کو مقررہ 20 اوورز میں ناقابل یقین 3 وکٹ پر 326 رنز تک پہنچایا، ٹام پرائس نے 23 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔

ٹی 20 کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور کرس گیل کا ہے جنھوں نے آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کیلیے ناقابل شکست 175 رنز بنائے تھے جبکہ سب سے بڑا ٹیم مجموعہ 3 وکٹ پر 278 ہے جوکہ افغانستان نے رواں برس آئرلینڈ کے خلاف بنایا تھا جس میں حضرت اللہ زازئی کے ناقابل شکست 162 رنز شامل تھے۔

اسکاٹش بیٹسمین مونسی کی اننگز 5 چوکوں اور 20 چھکوں پر مشتمل تھی جس میں سے انھوں نے ایک اوور میں لگاتار 6 سکسرز بھی جڑے۔ ان کی یہ دلچسپ اننگز 50 منٹ پر محیط رہی، کرس گیل کی بنگلور کیلیے اننگز ٹی 20 میں تیز ترین سنچری کا اعزاز رکھتی ہے جبکہ مونسی نے ان سے 5 بالز کم پر یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس مقابلے میں گلوسٹرشائر سیکنڈ الیون نے 112 رنز سے فتح پائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔