نااہلی کیس جواب جمع نہ کرانے پر پی ٹی آئی خواتین ارکان اسمبلی پر عدالت کا اظہار برہمی

کیس سے بھاگنے سے آپ بچنے والے نہیں، جسٹس عامر فاروق


ویب ڈیسک June 28, 2019
کیس سے بھاگنے سے آپ بچنے والے نہیں، جسٹس عامر فاروق فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے نااہلی کیس میں جواب جمع نہ کرانے پر حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکان اسمبلی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی تین خواتین ارکان قومی اسمبلی کی نااہلی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کنول شوزب اور ملائکہ بخاری کے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی 3 خواتین ارکان اسمبلی کی نااہلی کیلیے درخواست سماعت کیلیے منظور

جسٹس عامر فاروق نے ملائکہ بخاری کے وکیل سے کہا کہ کیوں آپ اس کوالتواء دے رہے ہیں، کیس سے بھاگنے سے آپ بچنے والے نہیں ہیں، آپ کے رویے سے لگ رہا ہے درخواست گزار ٹھیک کہہ رہا ہے، ملائکہ بخاری اور کنول شوزب کیوں جواب نہیں دینا چاہتیں، لگتا ہے کہ جان بوجھ کر آپ ملتوی کررہے ہیں، سات دن میں جواب مانگا 14 دن میں بھی نہیں دیاگیا۔

الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی یہی کہا گیا تھا کہ جواب تیار ہے صرف جمع ہونا ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی۔

عبداللہ خان نامی شہری نے دہری شہریت چھپانے اور غلط معلومات دینے پر پی ٹی آئی کی 3 خواتین ارکان اسمبلی ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شوزب کے خلاف نااہلی کی درخواست دائر کی ہے۔

مقبول خبریں